ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کا شبیر احمد شاہ کی گرتی ہوئی صحت پر اظہار تشویش، رہائی کا مطالبہ
سرینگر 17 جون (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی (ڈی ایف پی) نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں غیر قانونی طور پر نظر بند پارٹی چیئرمین شبیر احمدشاہ کی گرتی ہوئی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیاہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ شبیر احمد شاہ متعدد عوارض میں مبتلا ہیں اور یہ بدقسمتی ہے کہ جیل حکام ان کی تیزی سے گرتی ہوئی صحت کو نظر انداز کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شبیر احمد شاہ کو بنیادی طبی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے اور اگر انکے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اسکی تمام ذمہ داری بھارتی حکومت پر عائد ہوگی۔انہوں نے کہ شبیر احمدشاہ کو ذیابیطس ، بلند فشار خون اور دل کے عارضے سمیت کئی امراض کی تشخیص ہوئی ہے جس کے لیے انہیں باقاعدہ طبی امداد اور علاج کی ضرورت ہے۔ یاد رہے شبیر احمد شاہ گزشتہ قریباً 5 برس سے بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں بند ہیں۔ڈی ایف پی کے ترجمان نے تہاڑ جیل میں بند دیگر حریت رہنماو¿ں اور کارکنوں کی حالت زار پر بھی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ تمام کشمیری نظربندوںکی رہائی کیلئے کردار ادا کریں۔