مقبوضہ جموں و کشمیر

کل جماعتی حریت کانفرنس کا جیلوں میں نظربند حریت رہنمائوں کی بگڑتی ہوئی صحت پر اظہارتشویش

downloadبھارتی فوجی مقبوضہ جموں وکشمیرمیں منظم طریقے سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہے ہیں
سرینگر16 جولائی( کے ایم ایس ) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ علاقے اور بھارت کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی حالت زار پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت جموں و کشمیر پر اپنے غیرقانونی قبضے کو چیلنج کرنے پر کشمیری سیاسی قیدیوں کو انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر کشمیری نظربند مختلف عارضوںمیں مبتلا ہیں اور مناسب طبی دیکھ بھال اور صحت بخش غذا سمیت بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی ان کی صحت کی خرابی کا باعث بنی ہے۔ حریت ترجمان نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل، ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ اور بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی سمیت انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ تمام کشمیری نظربندوں کی رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کریں تاکہ ان کی زندگیاں بچائی جا سکیں۔
سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے سرینگر میں اپنے انٹرویوز اور بیانات میں کہا کہ نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں مسلمان آبادی کے لئے خوف ودہشت کا ماحول قائم کررکھا ہے جہاں بھارتی فوجی منظم طریقے سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کے عوام کو روزانہ کی بنیاد پر ماورائے عدالت قتل،دوران حراست تشدد اور جبری گرفتاریوں کا سامنا ہے۔
جموں میں بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی خصوصی عدالت نے صحافیوں فہد شاہ اور عبدالاعلیٰ فاضلی کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ بھارتی پولیس نے فاضلی کو ماہانہ جریدے ”دی کشمیر والا”میں شائع ہونے والے مضمون”غلامی کی زنجیریں ٹوٹ جائیں گی”پر گرفتار کیا تھا۔ فہد شاہ کو جو”دی کشمیر والا” کے ایڈیٹر ہیں، جعلی مقابلوں میں شہید ہونے والے نوجوانوں کے اہلخانہ کا بیان شائع کرنے پرگرفتارکیاگیاتھاجو بھارتی پولیس کے موقف کے برعکس تھا۔
ادھر مودی حکومت مقبوضہ جموں وکشمیرکو بھارتی رنگ میں رنگنے کے لیے ایک کے بعد ایک اقدام کر رہی ہے۔ اپنے تازہ ترین اقدام میں مودی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں ہر گھر پر بھارتی پرچم لہرانے کی مہم شروع کر دی ہے۔ بھارتی حکام نے مہم پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے سات رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں آج ایک سڑک حادثے میں کم از کم 8 بھارتی فوجی زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ ضلع کے علاقے اونتی پورہ میں سرینگر جموں ہائی وے پر ایک فوجی گاڑی کے ٹرک کے ساتھ تصادم کے نتیجے میں پیش آیا۔
بھارتی فوجیوںنے ضلع پونچھ کے علاقے مینڈھر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کی۔ فوجیوں نے علاقے میں متعدد گولیاں بھی چلائیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button