مقبوضہ جموں و کشمیر

اقوام متحدہ بھارت کی جیلوں میں کشمیری حریت پسندوں کے دوران حراست قتل کا نوٹس لے،بشیر اندرابی

download (3)سرینگر14اکتوبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء سید بشیر اندرابی نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت کی جیلوں میں کشمیری حریت پسندوں کے دوران حراست قتل کا نوٹس لے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید بشیر اندرابی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء الطاف احمد شاہ کا دوران حراست قتل عالمی اداروں کے ضمیر پر ایک سوالیہ نشان ہے کہ انہیں کس جرم کی پاداش میں قتل کیاگیا ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فوج نہتے کشمیریوں کا قتل عام جاری رکھے ہوئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کا سب سے بڑا جرم یہ ہے کہ وہ بھارت سے اپنا پیدائشی حق خودارادیت کا مطالبہ کررہے ہیں جس کا وعدہ اقوام متحدہ کے عالمی فورم پر بھارتی قیادت نے کشمیری عوام سے کیا تھا۔سید بشیر اندرابی نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پرزوردیا کہ وہ نہتے کشمیریوں کے خلاف بھارتی فوج کی انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر فوجی طاقت کے بل پر غیر قانونی طورپرقبضہ کررکھا ہے جس کو کشمیری عوام نے کبھی تسلیم نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کی غلامی کو ہرگزقبول نہیں کریں گے۔ سیدبشیر اندرابی نے کہا کہ بھارت نے جنوبی ایشیاء کے خطے کے امن و سلامتی کو دائو لگادیا ہے اور وہ مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کی آبادی تناسب کو تبدیل کرنے کیلئے غیر کشمیری ہندوئوں کو مقبوضہ علاقے کی شہریت اور ووٹ ڈالنے کا حق دے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اسرائیلی طرز پر کشمیریوں کی زمین کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے جس کی کشمیری عوام ہرگز اجازت نہیں دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شد ہ تنازعہ ہے لہذا جب تک اس مسئلے کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ حریت رہنماء نے کہاکہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن وسلامتی کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کرے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button