وادی کشمیر میں پیراملٹری فورسز کی مزید 300 کمپنیاں تعینات
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت نے پیراملٹری فورسز کی تقریبا 300اضافی کمپنیاں تعینات کر دی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ تعیناتی انتخابی ڈرامے کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کی آڑ میں کی گئی ہے جو مقبوضہ جموں و کشمیر میں 18اور 25 ستمبر اور یکم اکتوبر کو تین مرحلوں میں ہونے والا ہے۔پیراملٹری فورسز کو جن میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس، بارڈر سیکورٹی فورس،شاسترا سیما بل اور انڈو تبتین بارڈر پولیس کے اہلکار شامل ہیں، سرینگر، ہندواڑہ، گاندربل، بڈگام، کپواڑہ، بارہمولہ، بانڈی پورہ ، اسلام آباد ،شوپیاں، پلوامہ اور کولگام کے مختلف علاقوں میں تعینات کیاگیاہے۔گرمائی دارالحکومت سرینگر میں سب سے زیادہ55کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔ انتخابات کے پہلے مرحلے کا نوٹیفکیشن منگل کو جاری کر دیا گیا۔بھارتی فورسز کی بھاری تعدادمیں تعیناتی سے لگتا ہے کہ نام نہاد انتخابات کے نام پر جمہوری مشق کے بجائے کشمیریوں کے خلاف جنگ چھیڑی جا رہی ہے۔