آزاد کشمیر

مظفر آبادمیں بھارت مخالف مظاہرہ

000مظفرآباد27اکتوبر ( کے ایم ایس )پاسبان حریت جموںوکشمیر کے زیر اہتمام جموں کشمیر پر بھارتی فوجی قبضے کیخلاف آزاد جموںوکشمیر کے دارلحکومت مظفر آباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مظفر آباد کے برہان مظفر وانی شہید چوک میں سینکڑوں لوگوں نے ہاتھوں میں زنجیریں پہنے اور سروںپر سیاہ پٹیاں باندھے بھر پور احتجاج کیا ۔ انہوںنے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر جموں وکشمیر پر 27 اکتوبر 1947 کے بھارتی فوجی قبضے کیخلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے کشمیر پر بھارتی فوجی قبضے اور مقبوضہ علاقے میں اسکی ریاستی دہشتگردی کیخلاف شدید نعرے لگائے۔ یوم سیاہ کی ریلی سے قائد حزب اختلاف قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، چیئرمین پاسبان حریت جموں کشمیر عزیراحمدغزالی، سیکریٹری کشمیر لبریشن کمیشن اعجاز احمد لون، تاجر رہنما سردار عبدالرزاق خان، حریت رہنماءمشتاق اسلام، پاسبان حریت کے وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم، شوکت جاوید میر، قاری بلال احمد فاروقی، محمد اسلم انقلابی، جاوید احمد مغل، مہتاب حمید ایڈووکیٹ، ڈاکٹر محمد منظور و تنویر درانی و دیگر نے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ بھارت نے27 اکتوبر1947کو کشمیریوں کی مرضی و منشاءکے کے برعکس جموں وکشمیر پر قبضہ کیا ،بھارت گزشتہ پچھتر برس سے نہتے کشمیریوں پر وحشیانہ مظالم ڈھا رہا ہے اور اس نے پورے مقبوضہ علاقے کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے ۔ مقررین نے کہا کہ بھارت کے تمام تر مظالم اور چیرہ دستیوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔بعد ازاںاحتجاج کے شرکا نے برہان وانی شہید چوک سے دومیل میں قائم اقوام متحدہ کے مبصر دفتر تک مارچ کیاجہاں چیئرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی کی قیادت میں چھ رکنی وفد نے ایک یادداشت پیش کی جس میں عالمی ادارے پر زور دیا گیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کو اپنی پاس کردہ قرار دادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اقدامات کرے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button