بھارت

ہردیپ سنگھ کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کی مصدقہ معلومات موجود ہیں، جسٹن ٹروڈو

canada

نیویارک 22 ستمبر (کے ایم ایس)

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈونے کہا ہے کہ بھارت کے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل میں ملوث ہونے کی مصدقہ معلومات موجود ہیں۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ ہمارے پاس یہ سمجھنے کی مصدقہ وجوہات موجود ہیں کہ بھارتی حکومت کے ایجنٹس کینیڈین سرزمین پر کینیڈین شہری کے قتل میں ملوث ہیں۔انہوں نے کہا کہ کینیڈین پارلیمنٹ میں پہلی مرتبہ انہوں نے بھارت کے حوالے سے بیان انتہائی سنجیدگی سے دیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ملک کی طرف سے کسی دوسر ے ملک کی سرزمین پر اس کے شہری کو قتل کرنا ناقابل قبول ہے اور اس حوالے سے ہم قانون کی حکمرانی کے لیے اٹھ کھڑے ہونے کے اصول کی پاسداری کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم بھارت سے کہنا چاہیں گے کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لے اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہاکہ وہ کینیڈا کے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اپنا کام جاری رکھیں گے۔ واضح رہے بھارت میں سکھوں کی خالصتان تحریک سے منسلک سکھ رہنماہردیپ سنگھ نجار کو رواں سال 18 جون میں برٹش کولمبیا کے شہر سرے میں اس وقت فائرنگ کر کے قتل کیا گیا جب وہ گوردوارے کے اندر موجود تھے۔ان کے قتل کے باعث بھارت اور کینیڈا کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے باجود گزشتہ روز کینیڈا میں مقیم ایک اور سکھ رہنما سکھدول سنگھ کو بھی قتل کر دیا گیا جو 2017 سے کینیڈا میں مقیم تھے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button