پاکستان

کشمیرپر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد خطے میں امن کیلئے ناگزیر ہے، جلیل عباس جیلانی کا الجزیرہ کو انٹرویو

Jalil Abbas Jilani fm

نیویارک 22ستمبر (کے ایم ایس )

وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ تنازعہ جموں و کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد علاقائی امن کو یقینی بنانے اور پاکستان اور بھارت کے درمیان ہتھیاروں کی غیر ضروری دوڑ کے خاتمے کیلئے ضروری ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس کے موقع پر الجزیرہ ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد نہ ہونے سے خطے کے امن پر براہ راست اثر پڑرہا ہے اور پاکستان اور بھارت دونوں کی ترقی اور جنوبی ایشیائی ممالک کے علاقائی تعاون کی تنظیم سارک بھی متاثر ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تناظر میں کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان سب سے اہم اور بنیادی مسئلہ ہے جن میں کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق غیر جانبدارانہ استصواب رائے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ان قراردادوں کی منظوری کو 70 سال کاعرصہ ہونے کے باوجود ان پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ انہوں نے واضح کیاکہ کشمیر مسلسل محاصرے میں ہے اور وادی کشمیر میںنو لاکھ سے زائد بھارتی فوجی تعینات ہیں، مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی کا سامنا ہے۔مقبوضہ کشمیر کو ایک بڑی انسانی جیل قرار دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کے منصفانہ حقوق سے محروم کیا جارہا ہے اور کشمیری رہنمائوں کو بھارت نے نظر بند کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت اس تنازعے پر جنگیں لڑچکے ہیں اور یہ تنازعہ دونوں ہمسایہ جوہری طاقتوں کے درمیان مسلسل کشیدگی کا باعث ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ اقوام متحدہ کی سلامتی  کونسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے جو طویل عرصے سے التوا کا شکار ہے۔کشمیر اور فلسطین کے تنازعات کے موازنے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں جلیل عباس جیلانی نے کہاکہ دونوں ممالک کے مظلوم عوام کو انصاف سے انکار کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نیویارک میں او آئی سی کے رابطہ گروپ برائے فلسطین کے اجلاس میں شرکت کا ذکر کیا جہاں انہوں نے فلسطین کے عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔انہوں نے کشمیر اور فلسطین کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر جلد عملدرآمد پر زور دیا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button