APHC

کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کرر ہے ہیں ،کل جماعتی حریت کانفرنس

download (1)سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کولگام میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے دوکشمیری نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے میں امن اور ترقی کے نام نہاد دعوئوں کے ذریعے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری مقبوضہ علاقے میں امن اور ترقی کے خلاف نہیں ہیں لیکن بھارت کی سیاسی اور فوجی غلامی کے طوق کو توڑنا ان کا اولین مقصد ہے۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں امن اور ترقی کیسے ممکن ہے جب وہاں روزانہ کی بنیاد پر کشمیریوںکا قتل عام اور بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہو اور انہیں خوف ودہشت کا نشانہ بنایا جاتا ہو۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے پورے مقبوضہ علاقے کو دنیا کے سب سے بڑے مقبوضہ عسکری علاقہ میں تبدیل کر دیا ہے۔حریت ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں روزانہ کی بنیاد پر کشمیریوں کا قتل عام مودی حکومت کے امن اور ترقی کے دعوئوںکی نفی کرتا ہے کیونکہ 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام کے بعد مقبوضہ علاقے میں تمام شعبہ زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے زیرنگرانی رائے شماری کشمیریوں کا اولین مطالبہ ہے تاکہ وہ اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں۔حریت ترجمان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ کشمیر پر اپنی ہٹ دھرمی پر مبنی رویہ ترک کرتے ہوئے تنازعہ کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرے۔ انہوں نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں نہتے عوام پرڈھائے جانیوالے مظالم پر بھارت کوجوابدہ ٹھہرائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قابض حکام نے مقبوضہ علاقے کے چپے چپے پربھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کو تعینات کر کے مقبوضہ جموںو کشمیرکو ایک فوجی چھانی میں تبدیل کر رکھا ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button