مقبوضہ جموں و کشمیر

مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5اگست2019کے بعد انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں تیزی آئی ہے، رپورٹ

اسلام آباد 20اگست( کے ایم ایس)نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے 5اگست2019کو مقبوضہ جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم اور فوجی محاصرے مسلط کرنے کے بعد سے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہو گیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میںایک منظم طریقے سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی نام نہاد جمہوریت مقبوضہ جموں وکشمیر میں بے نقاب ہو چکی ہے کیونکہ مودی کی فسطائی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں مسلم آبادی کے خلاف خوف و دہشت کی لہر پھیلا رکھی ہے۔رپورٹ میں افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی فورسز کی طرف سے بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا جا رہا ہے جبکہ قابض فوجیوںنے آج(جمعہ) ضلع پلوامہ کے علاقے کھریو میں محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائی کے دوران مزید 2 نوجوانوں کو شہید کیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ 5 اگست 2019 سے جولائی 2021 تک 410 بے گناہ کشمیری شہید کیے گئے جبکہ جنوری 1989 سے رواں برس جولائی تک 95ہزار،8سو43 کشمیری شہیدکیے گئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قابض بھارتی انتظامیہ نے 2019 سے اب تک 2ہزار 3سو کشمیریوں پرغیرقانونی سرگرمیوں سے متعلق کالا قانون یو اے پی اے جبکہ9سو54پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیا۔رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی بگڑتی صورتحال کے بارے میں بارہا اپنی تشویش کا اظہار کیا ۔ رپورٹ میںکہا گیا کہ مودی حکومت کے 5 اگست 2019 اور اسکے بعد کے اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔رپورٹ میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ بھارت دنیا کا سب سے بڑاجمہوری ملک ہونے کا دعویٰ کرتا ہے لیکن وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کے ہر اصول کی خلاف ورزی کر رہا ہے ۔ رپورٹ میںکہا گیا کہ عالمی برادری کو بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔کے ایم ایس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں مودی کے غیر قانونی اقدامات جنوبی ایشیا کے پورے امن کو داو ¿ پر لگا رہے ہیں۔رپورٹ میں دنیا بھر کے باضمیر لوگوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ کشمیریوں کے دکھوں اورمشکلات کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔ رپورٹ میںکہا گیا کہ کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت دیا جانا چاہیے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ بھارتی جبر و استبداد کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ حق پر مبنی اپنی تحریک کواسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button