آزاد کشمیر

کشمیری عوام تحریک تکمیل پاکستان چلا رہے ہیں: راجہ نجابت

WhatsApp Image 2023-11-06 at 1.23.30 PM

میرپور :تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمیں راجہ نجابت حسین نے شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیری عوام تحریک تکمیل پاکستان چلا رہے ہیں جس کے لئے شہدائے جموں نے بے مثال قربانیاں دے کر ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راجہ نجابت حسین نے یوم شہدائے جموں کے سلسلے میں میرپور میں تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے زیر اہتمام ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 05 اور 06نومبر1947 کو جس بربریت اور اذیت کے ساتھ جموں کے مسلمانوں کو شہید کیا گیا اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت بھی جموں و کشمیر کے عوام کا رخ پاکستان کی طرف تھا، آج بھی پاکستان کی طرف ہے اور ہمیشہ پاکستان کی طرف ہی رہے گا۔انہوں نے کہاکہ یہی ہماری تحریک کا مشن ہے اورہماری تحریک اسی مشن کو لے کر پوری دنیا میں ہر فورم پر جموں و کشمیر کے عوا م کے حق خود ارادیت کے لئے آوازیں بلند کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل جہاں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ مل کر انتہائی موثر لابی کر رہی ہے وہیں خصوصی طور پر نوجوانوں اور خواتین کو منظم کر کے تحریک آزادی کشمیر کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے متحرک کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت اپنے ملک میں بسنے والی اقلیتوں کے لئے بھی انتہائی ظالمانہ اور جابرانہ رویہ روا رکھے ہوئے ہے، سکھ، عیسائی ، مسلمان اور دیگر تمام اقلیتیں بھی بھارت کے ظلم و جبر اور تشدد سے محفوظ نہیں ہیں۔ بھارت کے ہر شہر اور ہر گائوں کی سطح پر انسانی حقو ق کی انتہائی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ بھارت کے جارحانہ عزائم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا عالمی برادری، اقوام متحدہ اور ہر عالمی ادارے کو سختی سے نوٹس لینا چاہیے۔ یورپی یونین، او آئی سی اور تمام بین الاقوامی اداروں کو بھارتی جارحیت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کروانے کے لئے اپنا عملی کردار ادا کرنا چاہیے۔ سیمینار کی صدارت سابق مشیر حکومت آزادجموں وکشمیر راجہ شوکت خالق ایڈووکیٹ نے کی جبکہ سیمینار میں سابق میئر اولڈھم کونسلر شعیب اختر، سیکرٹری جنرل تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل محمد اعظم، شوکت مجید ملک ایڈووکیٹ، چوہدری محمد منیر ایڈووکیٹ، پروفیسر محمد وارث، میاں محمد بخش،پروفیسر عبدا لرزاق، چوہدری محمد جمیل تبسم، محمد اسلم چوہدری، راجہ عبدالرئو ف خان، محمد رشید چوہدری اوردیگر نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button