پی ٹی آئی حکومت نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر موثرانداز میں اجاگر کیا ہے، مقررین
اسلام آباد10نومبر( کے ایم ایس) رفاہ یونیورسٹی اور سنٹر آف پیس اینڈ سٹڈیز کے زیر اہتمام پاکستان انسٹیٹیوٹ فار پارلیمانی سروسز میں ”کشمیر کی ثقافت اور تشخص میں امن اور آزادی کا تصور“ کے عنوان سے اسلام آباد میں منعقدہ سیمینار کے مقررین نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر موثر انداز میں اجاگر کیا ہے اور وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کے سفیر کے طور پر بھر پور کردار ادا کر رہے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیمینار سے وفاقی وزیر سید فخر امام، چیئرمین کشمیر کمیٹی شہر یار آفریدی،رکن قومی اسمبلی نورین فاروق ابراہیم، وائس چانسلر رفاہ یونیورسٹی ڈاکٹر محمد انیس،ڈائریکٹر انڈین سٹڈی سنٹر ڈاکٹر بریگیڈیر (ر)سیف ملک، ڈائریکٹرکشمیر انسٹیٹیوٹ برائے تعلقات عامہ الطاف وانی،ڈائریکٹر پبلک پالیسی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر راشد آفتاب، رکن قومی اسمبلی غزالہ سیفی، ڈائریکٹر سنٹر فار پیس اینڈ سوشل سٹڈیز آصف خورشید، کاشف ظہیر کمبوہ، ڈاکٹر مصعب یوسفی و دیگر نے خطاب کیا ۔ مقررین نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے ثقافتی ورثہ کو منظم طریقے سے تباہ اورکشمیریوں کے تشخص کو ختم کرنے کے لیے آبادی کا تناسب تبدیل کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری پاکستانیوں سے زیادہ پاکستانی ہیں جنہوں نے قیام پاکستان سے پہلے ہی مملکت خداداد کے ساتھ الحاق کا اعلان کردیا تھا۔ مقررین نے کہا کہ طلبہ کشمیر کے سفیر ہیں جنہیں سماجی رابطوں کے تمام فورموں پرکشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒنے کشمیر کو پاکستان کی شاہ رگ قرار دیا تھا اور واضح الفاظ میں کہا تھا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ مقررین نے کہا کہ بھارت نے فوجی طاقت کے بل پر کشمیریوں کی آزادی سلب کررکھی ہے، کشمیریوں نے اپنی آزادی کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں، بھارت ہر حربہ آزما چکا لیکن کشمیری آزادی کے مطالبے سے دستبردار ہونے کے لیے تیار نہیں۔ انہوںنے کہا کہ کشمیرکے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق صرف کشمیریوں کو ہے ۔ مقررین نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں جس طرح پاکستان زندباد کے نعرے لگائے جاتے ہیں اور شہدا کو پاکستانی پرچموں میں دفن کیا جا رہا ہے وہ بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف اور پاکستان کے حق میں ریفرنڈم ہے۔سیمینارمیں سینکڑوں طلبہ شریک تھے۔