پاکستان

تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں، اسحاق ڈار

مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں میں ہی مضمر ہے، رانا تنویر

اسلام آباد:نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ہے،پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہد میں غیر متزلزل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی مکمل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کشمیر کے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 27 اکتوبر جموں و کشمیر کی تاریخ میں ایک اہم موڑ ہے ، 77سال قبل آج کے دن بھارتی افواج سری نگر میں داخل ہوئیں جو خطے کے لیے ایک طویل اور تکلیف دہ باب کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنا کنٹرول مضبوط کرنے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کئے۔ 5 اگست 2019 کے بعد بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو کمزور کرنے اور کشمیری عوام کے حقوق اور ان کی آوازکو دبانے کیلئے اپنی کوششیں تیز کر دیں۔محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارتی حکام کی طرف سے کیے گئے اقدامات بشمول علاقے کی آبادی اور سیاسی منظر نامے کو تبدیل کرنے کی کوششیں،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن کی براہ راست خلاف ورزی ہے۔ بھارت کے ان اقدامات کے باوجود کشمیری عوام کا عزم غیر متزلزل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہزاروں سیاسی رہنما اور کارکن جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں، کالے قوانین کے تحت بھارتی افواج کو بے لگام اختیارات حاصل ہیں ، جس کی وجہ سے وہ کسی بھی فرد کو گرفتار کرنے یا جان سے مار دینے اور املاک کو تباہ کرنے کے اقدامات میں ملوث ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے ان تمام ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری عوام کا جذبہ اور عزم برقرار ہے اور وہ انصاف اور حق خود ارادیت کے لیے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
دریں اثنا وزیر غذائی تحفظ و صنعت رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ آزادی کا سورج طلوع ہونے تک پاکستان کشمیریوں کے حقوق کیلئے آواز بلند کرتا رہے گا ،کشمیریوں کی نسل کشی مودی سرکار کی مکروہ سوچ کی آئینہ دارہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیر غذائی تحفظ و صنعت رانا تنویر حسین نے کہا کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ تسلط کو 77سال مکمل ہوگئے،آج کے دن کشمیریوں کی آزادی صلب کر کے انہیں حق خود ارادیت سے محروم کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی قرادودوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنا ہی واحد حل ہے، کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے اقوام عالم اپنا کردار ادا کریں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button