امیت شاہ اندرون ملک سے لے کر بیرون ملک تک دہشت گرد نیٹ ورک میں ملوث ہیں
ممبئی: بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کو جان سے مارنے کی ایک اور دھمکی موصول ہوئی ہے جس میں ان سے 2کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ممبئی ٹریفک پولیس کو بھیجے گئے پیغام میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگررقم ادا نہ کی گئی تو خان کو قتل کر دیا جائے گا۔منگل کو ممبئی پولیس نے نوئیڈا کے سیکٹر 39میں ایک 20سالہ شخص کو گرفتار کیا جس نے مبینہ طور پر سلمان خان اور مرحوم سیاستدان بابا صدیق کے بیٹے اور این سی پی کے رکن اسمبلی ذیشان صدیق کو دھمکی آمیز کال کی تھی۔ 12 اکتوبر کو بابا صدیق کو ان کے بیٹے کے دفتر کے باہر ایک حملے میں ہلاک کر دیا گیا، جس کی ذمہ داری بعد میں بدنام زمانہ لارنس بشنوئی گینگ نے قبول کی۔ گینگ نے سلمان خان کے ساتھ صدیق کی وابستگی کوقتل کی وجہ قراردیا ۔ بین الاقوامی رپورٹس میں شکوک و شہبات ظاہر کیے جارہے ہیں کہ بیرون ملک سکھ کارکنوں اور اندرون ملک ممتاز مسلمان شخصیات کو نشانہ بنانے کے لیے پرتشدد مہم میں بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ ملوث ہیں۔کینیڈین حکام کے مطابق امیت شاہ پر کینیڈا میں خالصتان نواز کارکنوں کے خلاف حملوں کی منظوری دینے کا شبہ ہے، جس سے ان خدشات کو تقویت ملتی ہے کہ بھارت کے اندر بعض دھمکیاں وسیع تر سیاسی مقاصد سے منسلک ہو سکتی ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ لارنس بشنوئی ان سرگرمیوں کے لیے محض ایک چہرہ ہو سکتا ہے جس میں ممکنہ طور پر حکومت کے اندر اعلی سطح کی شخصیات ملوث ہوسکتی ہیں۔