بزرگ کشمیری رہنما میر واعظ مولوی محمد احمد شاہ اسلام آباد میں انتقال کر گئے
اسلام آباد: بزرگ کشمیری رہنما میرواعظ مولوی محمد احمد شاہ اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مولوی محمد احمد شاہ ممتاز کشمیری رہنما میر واعظ مولوی محمد یوسف شاہ کے فرزند اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق کے چچا تھے۔ مرحوم ہمیشہ تنازعہ کشمیر کے انصاف پر مبنی حل پر زور دیتے رہے۔
راولپنڈی، اسلام آباد میں مقیم کشمیری برادری نے انکے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور غمزدہ لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اورجموں وکشمیرانجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں میر واعظ محمد احمد شاہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے محمد احمد شا ہ کی علمی و تبلیغی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی جدائی ایک ناقابل تلافی نقصان ہے ۔ آغا سید حسن نے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما عبدالصمد انقلابی نے بھی سرینگر میں ایک بیان میں مولوی محمد احمد شاہ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
دریں اثنا، کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیرشاخ نے میر واعظ مولوی محمد احمد شاہ کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے غمزہ لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔
حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی، محمود احمد ساغر، محمد فاروق رحمانی، سید فیض نقشبندی، ایڈووکیٹ پرویز شاہ اور مشتاق احمد بٹ نے اسلام آباد میں اپنے بیانات میں حرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی