مودی حکومت میڈیا مہم کے ذریعے محمد یاسین ملک کو ایک خطرناک دہشت گرد کے طور پر پیش کر رہی ہے: لبریشن فرنٹ
اسلام آباد: جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ نے کہا ہے کہ مودی کی زیر قیادت انتہا پسندبھارتی حکومت غیر قانونی طورپرنظربند آزادی پسند سیاسی رہنما اورپارٹی چیئرمین محمد یاسین پر دہشت گردی کا لیبل لگانے کے اپنے مذموم سیاسی ایجنڈے کو پورا کرنے پر تلی ہوئی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جے کے ایل ایف کے ترجمان محمد رفیق ڈار نے ایک بیان میں بھارتی سپریم کورٹ کے ڈویژن بنچ کی طرف سے پیش کی گئی ایک تجویز کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مقدمات کی منتقلی اوردہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل کے اندر ایک علیحدہ کمرہ عدالت کے قیام سے بھارتی حکومت کو ایک بار پھران کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک کرنے کا موقع فراہم ہوگا۔انہوں نے اس تجویز کو یاسین ملک کو غیر قانونی اور غیر منصفانہ طورپر سزا دینے کے لیے بھارتی حکومت اور اس کی ایجنسیوں کو کھلی چھوٹ دینے کے مترادف قرار دیا جس طرح 25مئی 2022کو این آئی اے کی طرف سے دائر کردہ من گھڑت مقدمے میں انہیں سزادی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یاسین ملک جیسے پرامن سیاسی رہنما ذاتی طورپر عدالت میں پیش ہونے اور گواہوں پر جرح کرنے کا اپنا حق پورا کرنے کے قابل نہیں ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ مودی حکومت مضحکہ خیز طریقے سے میڈیا مہم کے ذریعے محمد یاسین ملک کو ایک خطرناک دہشت گرد کے طور پر پیش کر رہی ہے۔