عالمی برادری کشمیریوں کوانکے حقوق سے محروم کرنے پر بھارت کو دہشت گرد ریاست قرار دے : حریت کانفرنس
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کو حل کرانے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بند کرانے کے لئے اپنا کردار اداکرے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس میں شامل تنظیموں اور رہنمائوں نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں نہ صرف دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہے بلکہ اس نے کشمیری عوام کو ان کے سیاسی، سماجی ،معاشی اورمذہبی حقوق سے بھی محروم کررکھا ہے۔ بیانات میں اقوام متحدہ، یورپی یونین اور عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ بھارت کو اس کے جنگی جرائم پر جوابدہ ٹھہرائیں۔ انہوں نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے مطالبے کو دہراتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری جدوجہد آزادی کو گرفتاریوں اور ہراساں کئے جانے سے دبایا نہیں جا سکتا۔ حریت رہنمائوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کو ان کے حق خودارادیت سے محروم کرنے اور انہیں مسلسل ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنانے پر بھارت کو ایک دہشت گرد ریاست قراردے۔بیانات میں جموں و کشمیر کے عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ حوصلے کے ساتھ بھارت کے ظلم و بربریت کا مقابلہ کریں اور اپنے حقوق کے حصول کے لیے پرامن احتجاج اور مظاہرے جاری رکھیں۔