بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کو شاندار خراج عقیدت پیش
سری نگر :کل جماعتی حریت کانفرنس نے آج بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو ان کے یوم پیدائش پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ قائداعظم ایک انتہائی دور اندیش رہنما تھے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کے لیے جدوجہد کی قیادت کی اور بالآخر اسے حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام تحریک پاکستان کا حصہ رہے جنہوں نے قیام پاکستان سے تقریباً ایک ماہ پہلے19جولائی 1947کو مملکت خداد داد کیساتھ الحاق کی قرارداد پاس کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان سے بے پناہ محبت رکھے ہیں ، انہوںنے بھارتی قبضے کو مسترد کیا ہے اور وہ گزشتہ 77سے تکمیل پاکستان کی جدوجہد کر رہے ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما ﺅں غلام محمد خان سوپوری، زمرودہ حبیب، یاسمین راجہ، فریدہ بہن جی، مولانا مصعب ندوی، بشیر اندرابی، خواجہ فردوس، امتیاز احمد ریشی، محمد عاقب، جنید السلام، مولانا ساجد ندوی، محمدجموںو کشمیر مسلم لیگ، جموں کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی، تحریک حریت جموں کشمیر، جموں کشمیر پیپلز لیگ، تحریک وحدت اسلامی اور دیگر آزادی پسند تنظیموں نے سری نگر میں اپنے بیانات میں کہا کہ قائداعظم نے کشمیرکو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا ہے ،کشمیریوں کی بیش بہا قربانیاں ایک روز رنگ لائیں گی اورجموںوکشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہو کرمملکت خداد اد کا حصہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تنازعہ کشمیر کا ایک اہم فریق ہے ، وہ بھارتی تسلط کا شکار کشمیریوں کا ایک ہمدرد اور وکیل ہے جو عالمی سطح پر کشمیریوں کی بھر پور ترجمانی کر رہا ہے ۔ حریت تنظیموں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت طاقت کے بل پر دبا رکھا ہے جبکہ پاکستان چاہتا ہے کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی نگرانی میں ایک آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کے ذریعے اپنے مستقل کا فیصلہ کرنے دیا جائے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ کستان تنازعہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی سفارتی کوششوں میں تیزی لائے گا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی ،جنرل سکریٹری پرویز احمد ، سکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ، سینئر رہنماﺅںمحمود احمد ساغر ،محمد فاروق رحمانی ،سید یوسف نسیم ، شمیم شال اور دیگر رہنماوں نے بھی اپنے بیانات میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے یوم پیدائش پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے نہ صرف ایک نئی ریاست کی بنیاد رکھی بلکہ ایک قوم کو متحد کرکے تاریخ رقم کی۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے لاہور میں 1940میں منعقدہ مسلم لیگ کے اجلاس میں مسلمانوں کیلئے الگ وطن کا ایک جامع اور واضح نظریہ پیش کیا اور برصغیر کے مسلمان صرف سات برس کی قلیل مدت میں ان کی ولولہ انگیز قیادت میں اپنے لیے الگ وطن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ۔