جعفر ایکسپریس پر حملہ پاکستان میں بھارت کی دہشت گرد ذہنیت کا تسلسل ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

اسلام آباد:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والا حملہ پاکستان میں بھارت کی دہشت گرد ذہنیت کا تسلسل ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اسلام آباد میں وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہاکہ بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کی سرپرستی کررہا ہے۔انہوںنے کہاکہ جعفر ایکسپریس حملے کے بعد بھارتی میڈیا نے پاکستان مخالف بیانیہ گھڑنے کی کوشش کی۔بھارتی میڈیا نے آرٹیفیشل انٹیلی جینس اور دہشت گرد گروپ کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیوز کو پاکستان مخالف بیانیے کے لیے استعمال کیا ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا پروپیگنڈے کے طور پر جھوٹی ویڈیوز بار بار چلا رہا تھا۔ دہشت گردوں کی حمایت میں بین الاقوامی سوشل میڈیا وار فیئر چل رہی تھی جس کی قیادت بھارتی میڈیا کر رہا تھا۔انہوں نے مزیدکہاکہ جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنے والے دہشت گرد افغانستان میں اپنے ہینڈلر کے ساتھ رابطے میں تھے۔
یاد رہے کہ منگل کو کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو بی ایل اے کے دہشت گردوں نے سبی کے قریب یرغمال بنا کر خواتین اور بچوں سمیت مسافروں کو اغوا کر لیا تھا۔ پاکستانی فورسز کی بروقت جوابی کارروائی میں تمام 33دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ دہشت گردوںکی فائرنگ سے پاک فوج کے 4جوانوں سمیت 26 افراد شہیدہوئے ۔






