پاکستان

فیلڈ مارشل کی چینی سیاسی وعسکری قیادت سے ملاقاتیں ، اسٹریٹجک شراکت داری بڑھانے کا عزم

بیجنگ:آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چین کا سرکاری دورہ کیا ہے، جہاں اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات کی گہرائی پر اطمینان کا اظہار اور پاک-چین اسٹریٹجک شراکت داری مضبوط کرنے کا اعادہ کیا گیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر چین کے سرکاری دورے پر موجود ہیں، انہوں نے بیجنگ میں چین کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔فیلڈ مارشل نے چین کے نائب صدر ہان ڑینگ اور وزیر خارجہ وانگ ڑی سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان آہنی دوستی اور اسٹریٹجک شراکت داری کی توثیق کی گئی۔ملاقاتوں میں خطے اور دنیا کی بدلتی سیاسی صورتحال، پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبے اور مشترکہ جیوپولیٹیکل چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں جانب سے دو طرفہ تعلقات کی گہرائی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں خودمختاری، کثیرالجہتی تعاون اور طویل مدتی علاقائی استحکام کے عزم کو دہرایا گیا، چینی قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کو جنوبی ایشیا میں امن کی ضامن اور ایک مضبوط قوت قرار دیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے چین کے نائب چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن (سی ایم سی) جنرل ڑانگ یو ڑیا، پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے سیاسی کمشنر جنرل چن ہوئی اور پی ایل اے آرمی کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل کائی ڑائی جن سے بھی ملاقاتیں کیں۔
پی ایل اے آرمی ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جو دونوں مسلح افواج کے درمیان دیرینہ دوستی کی علامت تھا۔فیلڈ مارشل کی چینی عسکری قیادت سے ملاقاتوں میں دفاعی و سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، انسداد دہشت گردی کے لیے مشترکہ اقدامات، باہمی تربیت، دفاعی جدیدیت اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر گفتگو کی گئی، فریقین نے ہائبرڈ وار اور سرحد پار خطرات سے نمٹنے کے لیے آپریشنل ہم آہنگی اور اسٹریٹجک تعاون کو بڑھانے پر بھی زور دیا۔چینی عسکری قیادت نے پاکستان کے ساتھ دفاعی شراکت داری پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے علاقائی امن کے فروغ میں پاکستان کے کلیدی کردار کو سراہا، فیلڈ مارشل نے چین کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور فوجی شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل کا دورہ دونوں برادر ملکوں کے درمیان سیاسی و عسکری تعلقات کی بڑھتی ہوئی گہرائی کا عکاس ہے، دورہ اس امر کو اجاگر کرتا ہے کہ علاقائی سلامتی کو مستحکم بنانے کے لیے اعلیٰ سطح کے روابط اور مسلسل مشاورت ناگزیر ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button