اسلام آباد:شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور معرکہ حق کی یاد میں تعمیر کی گئی یادگارِ فتح کا افتتاح

اسلام آباد: شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور 2025کے معرکہ حق کی یاد میں اسلام آباد میں تعمیر کی گئی یادگارِ فتح کا افتتاح ایک پروقار تقریب میں کیا گیا، جس میں ملک کی اعلی سول و عسکری قیادت نے شرکت کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بطور مہمانانِ خصوصی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف بھی تقریب میں موجود تھے۔یادگارِ فتح ملک کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور گزشتہ سال مئی میں بھارت کے ساتھ ہونے والی جنگ میں پاکستان کی شاندار فتح کی یاد منانے کے لیے تعمیر کی گئی ہے۔افتتاحی تقریب کے موقع پر داستانِ عشقِ وطن: معرکہ حق کے عنوان سے لائٹ اینڈ سائونڈ شو بھی پیش کیا گیا، جس میں پروجیکشن میپنگ کے ذریعے یادگار پر براہِ راست مناظر پیش کیے گئے۔تقریب کے دوران ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس میں یادگارِ فتح کی تعمیر میں شامل غیر معمولی ٹیم اور یادگار کی تعمیر کے آغاز سے تکمیل تک کے آٹھ ماہ کے سفر کو اجاگر کیا گیا۔دستاویزی فلم میں بتایا گیا کہ یادگار میں پانچ محرابیں تعمیر کی گئی ہیں جو اسلام کے پانچ ارکان کی علامت ہیں، جبکہ یہ محرابیں پاکستان کے پانچ ستونوں کی بھی نمائندگی کرتی ہیں، جن میں حکومت، عسکری قوت، میڈیا، عوام اور قومی نظریہ شامل ہیں۔ معرکہ حق میں پاک افواج نے اقوام عالم کو جنگی حکمت عملی اور فن عسکریت کے نئے ابواب اور آداب سے متعارف کروانے کے ساتھ ساتھ عددی برتری پر ایمان اور حوصلے کی فتح کی تاریخ بھی رقم کی ۔ ای پراجیکشن میپنگ کے زریعے روشنی، موسیقی اور فن تعمیر کے حسین امتزاج سے ڈاکیومنٹری داستان عشق وطن معرکہ حق کے عنوان سے پیش کی گئی۔یادگار کا ڈیزائن پاکستان کی مسلح افواج کی تینوں سروسز یعنی بری فوج، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے ساتھ ساتھ سائبر دفاع اور خلائی جنگ کی بھی عکاسی کرتا ہے۔افتتاحی تقریب میں پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے شاندار فضائی مظاہرہ بھی پیش کیا اور رات کے آسمان پر فلیئرز چھوڑے۔ تقریب کا اختتام صدر مملکت آصف علی زرداری وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے پرچم کشائی سے ہوا، جس کے دوران آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا جبکہ پس منظر میں قومی ترانہ بجایا گیا۔







