"آپریشن سندور” کی ناکامی، کے بعد آپریشن مہادیو کے نام سے دوبارہ جعلی مقابلے شروع
غیر قانونی طورپر نظربند معصوم پاکستانیوں کو فیک انکائونٹرز میں قتل کرنے کا مذموم منصوبہ بے نقاب
اسلام آ باد:
"آپریشن سندور” کی ناکامی کے بعد بھارت نے آپریشن مہادیو کے نام سے دوبارہ فیک انکانٹرز شروع کردیئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارت نے "آپریشن سندور” کی ناکامی پر پردہ ڈالنے کیلئے نیا مذموم فوجی منصوبہ "آپریشن مہادیو” شروع کر دیا، "آپریشن مہادیو” کے نام پر غیر قانونی، جبرا حراست میں رکھے معصوم پاکستانیوں کو فیک انکائونٹرز میں استعمال کرنے کا مذموم منصوبہ بے نقاب ہوا ہے۔ "آپریشن مہادیو” کا مقصد نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں شدت اختیار کرتی ہوئی تحریکِ آزادی کو کچلنا ہے بلکہ بی جے پی کی سیاسی ساکھ بحال کرنا ہے۔ مودی حکومت کی کوشش ہے کہ اسے ایک کامیاب فوجی مہم کے طور پر پیش کیا جائے، تاکہ "آپریشن سندور” کی خفت مٹائی جاسکے۔ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے فوری بعد بھی بھارتی فوج کی جانب سے فیک انکائونٹرز کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا، اس سے پہلے بھی 24 اپریل کو آزاد جموں کشمیر کے دو شہریوں محمد فاروق اور محمد دین کو غلطی سے بارڈر کراس کر نے پر بھارتی فوج نے بہیمانہ طریقے سے انکائونٹر میں شہید کر دیا تھا۔منصوبے کے تحت مختلف جیلوں میں قید پاکستانیوں اور کشمیریوں کو جعلی مقابلے میں قتل کرنے کے بعد سرحد پار دہشت گرد قرار دیا جائے گا۔29اور 30اپریل کو ڈی جی آئی ایس پی آر اپنی پریس کانفرنسز میں پہلے ہی 723 پاکستانی افراد جو مختلف بھارتی جیلوں میں غیر قانونی طور پر بند ہیں کی تفصیلات بتا چکے ہیں، اسکے علاوہ 56 ایسے پاکستانی افراد بھی ہیں جو بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے غیر قانونی اور جبرا اپنی حراست میں رکھے ہیں، ان 56 افراد کی تفصیلات بھی ڈی جی آئی ایس پی آر اپنی 29 اور 30 اپریل کو بتا چکے ہیں۔ حسب روایت فیک انکائونٹر زکے فوری بعد بھارتی میڈیا کو پہلے ہی سے ان افراد کی لاشیں اور پلانٹڈ ہتھیار وغیرہ کی ویڈیوز اور تصویریں شیئر کی جا رہی ہیں۔غیر قانونی طور پر حراست میں رکھے گئے افراد کو زندہ دہشت گرد ظاہر کر کے میڈیا کے سامنے پاکستان مخالف بیانات اور اعتراف جرم کے بیان بھی دلوائے جا سکتے ہیں، ان بھارتی حراست میں رکھے گئے افراد کو کسی بھی وقت پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی اور جارحیت کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں فیک انکائونٹر اسپیشلسٹ کے طور پر بد نام ہے، آپریشن مہادیو بھارتی فوج کی جانب سے فیک انکائونٹرز کا تسلسل ہے، پہلگام فالس فلیگ اور آپریشن سندور کی ناکامی میں ہزیمت اٹھانے کے بعد بھارت مکمل طور بوکھلا چکا ہے۔





