کنٹرول لائن کے دونوں جانب اوردنیا بھر میں مقیم کشمیری آج سید علی گیلانی کی چوتھی برسی منارہے ہیں

سرینگر: کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج قائد حریت سید علی گیلانی کی چوتھی برسی اس تجدید عہد کے ساتھ منارہے ہیں کہ بھارتی تسلط سے جموں و کشمیر کی آزادی کے لیے ان کے مشن کو ہرصورت جاری رکھا جائے گا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی یکم ستمبر 2021کو سرینگر میں اپنی رہائش گاہ پر نظربندی کے دوران انتقال کرگئے جہاں وہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے مسلسل نظر بند تھے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ شہید رہنما اور دیگر کشمیری شہدا ء کی فاتحہ خوانی کے لیے حیدر پورہ سرینگر میں ان کی قبر پر حاضری دیں۔ بیان میںائمہ مساجداور خطیبوں سے اپیل کی گئی کہ وہ مساجد میں عظیم قائد کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔حریت کانفرنس نے دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی طرف عالمی توجہ مبذول کرانے کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔ بیان میں کیا گیا کہ” ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے” کا نعرہ سید علی گیلانی کا وژن ہے جو آج بھی مقبوضہ جموں وکشمیر میں سب سے زیادہ مقبول نعرہ ہے۔






