دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا
اسلام آباد: جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کے منصفانہ حل کے بغیر ناممکن ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں اور بھارت کا کشمیریوں کے پیدائشی حق خودارادیت سے انکار اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے۔بھارت کی ہٹ دھرمی پر مبنی رویہ گزشتہ سات دہائیوں سے تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدا ر حل میں رکاوٹ ہے ۔تاہم وہ فوجی طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گا ا۔ اقوام متحدہ میں 5جنوری 1949کومنظور کی گئی قرارداد میں پیش کردہ روڈ میپ تنازعہ کشمیر کے حل میں رہنمائی فراہم کرتا ہے ۔قرارداد میں کشمیریوں کو اپنی خواہشات کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیاگیا ہے اور بھارت پر واضح کیاگیاہے کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں ظلم و تشدد کے ذریعے اپنے قبضے کو طول نہیں دے سکتا ۔اقوام متحدہ کو کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے اور عالمی برادری کو جنوبی ایشیامیں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔





