مقبوضہ جموں وکشمیر میں چھاپہ مارکارروائیوں کا سلسلہ تیز، ایک اورکشمیری گرفتار

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی پولیس اور نئی دہلی کے زیر کنٹرول ریاستی تحقیقاتی ایجنسی ایس آئی اے نے نام نہاد” وائٹ کالر ٹیرر نیٹ ورک” کو ختم کرنے کی آڑ میں چھاپوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایس آئی اے نے سرینگر کے علاقے بٹہ مالو سے ایک کشمیری شہری طفیل نیاز بٹ کو گرفتار کرلیا۔ قابض حکام نے طفیل کی گرفتاری کا جواز پیش کرنے کے لئے دعویٰ کیا کہ وہ اکتوبر کے وسط میں بنپورہ نوگام میں پوسٹرچسپاں کرنے میں ملوث تھا۔
دریں اثناء مقبوضہ جموں وکشمیر میں اختلاف رائے کو دبانے اور پیشہ ور افراد،تعلیمی اورمذہبی حلقوں کو مجرم کے طورپر پیش کرنے کے لئے بھارتی فورسز کی طرف سے چھاپوں، گرفتاریوں اور ظلم وجبر کی دیگر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ انسانی حقوق کے گروپوں نے ان ظالمانہ کارروائیوںکو ایک ایسا بیانیہ تیار کرنے کی کوشش قرار دیا ہے جس میں ڈاکٹروں، اسکالرز اور طلبا ء سمیت عام کشمیریوں کو سیکورٹی کے لئے خطرے کے طور پر پیش کیا جائے گا۔کشمیری سول سوسائٹی کا کہنا ہے کہ بھارتی ایجنسیاں کشمیریوںکو اجتماعی سزا دینے کا جوازپیدا کرنے، اختلافی آوازوں کو دبانے اور مقبوضہ علاقے میںخوف ودہشت کی فضا قائم کرنے کے لیے تحقیقات کو ایک ہتھیارکے طورپر استعمال کررہی ہیں۔





