مودی حکومت کشمیریوں کو بھارتی پرچم خریدنے پر مجبور کر رہی ہے: محبوبہ مفتی
ہر گھر ترنگا مہم میں شامل ہونے سے انکار کرنے پر کارروائی کی دھمکی
سرینگر25جولائی(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںپیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ مودی کی قیادت میں بھارتی حکومت ہر گھر ترنگا مہم کے لیے لوگوں کو بھارتی پرچم خریدنے پر مجبور کر رہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے ٹویٹر پر ایک ویڈیو شیئرکرتے ہوئے کہاکہ حب الوطنی مسلط نہیں کی جا سکتی۔ ویڈیو میں جنوبی کشمیر کے ضلع اسلام آباد میں بجبہاڑہ میونسپلٹی کی ایک گاڑی کے اوپر لگائے گئے لاڈ اسپیکر سے اعلان کیا جا رہا ہے جس میں علاقے کے دکانداروں سے بھارتی پرچم خریدنے کے لیے 20بیس روپے جمع کرنے کے لئے کہا جا رہا ہے۔یہ مہم 13سے 15اگست تک بھارت کے یوم آزادی کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر” آزادی کا امرت مہوتسو” کے نام سے شہریوں کواپنے گھروں پر بھارتی پرچم لہرانے پر مجبور کرنے کے لیے شروع کی گئی ہے۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ جس انداز میں مودی حکومت طلبائ، دکانداروں اورسرکای ملازمین کو بھارتی پرچم لہرانے کے لیے ادائیگی کرنے پر مجبور کر رہی ہے ، اس لگتاہے کہ کشمیر دشمن کا علاقہ ہے جس پر قبضہ کرنے کی ضرورت ہے۔محبوبہ مفتی نے کہا حب الوطنی فطری طور پر آتی ہے اور اسے مسلط نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہاکہ مقامی لوگوں کو بتایا گیا کہ اگر وہ مہم میں شامل ہونے سے انکار کرتے ہیں تو ان کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔