عالمی ادارے انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں پر بھارت کے خلاف کارروائی کریں:کل جماعتی حریت کانفرنس

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے علاقے پر بھارت کے مسلسل فوجی قبضے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کشمیری عوام کے خلاف ریاستی دہشت گردی اور ظلم وجبر کی منظم مہم قرار دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی قبضے میں کشمیریوں کی زندگی ایک ڈرائونا خواب بن ہو چکی ہے کیونکہ انہیںبنیادی حقوق سے مسلسل محروم رکھا جارہا ہے اورحق خود ارادیت کا مطالبہ کرنے پر انہیں تذلیل، بلاجواز گرفتاریوں، تشدد اور قتل کا نشانہ بنایا جارہاہے۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مداخلت کرے اور دہائیوں کے مظالم پر بھارت کا محاسبہ کرے۔ترجمان نے کہا کہ مودی حکومت نے عالمی تشویش کو نظر انداز کرتے ہوئے ریاستی دہشت گردی کی تمام حدیں پارکرلی ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں پر بھارت کے خلاف فوری کارروائی کریں کیونکہ دنیا کا قانونی اور اخلاقی فرض ہے کہ وہ کشمیریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کرے۔






