APHC-AJK

پاکستان کشمیریوں کے حقوق کی پامالی کا معاملہ بین الاقوامی فورمز پر اٹھائے: محمود ساغر

اسلام آباد: جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے قائم مقام صدر محمود احمد ساغر نے حکومت پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی بڑھتی ہوئی ظالمانہ کارروائیوں کے پیش نظرکشمیریوں کے بنیادی حقوق اور مذہبی آزادی کے تحفظ کے لیے اپنی سفارتی کوششیں تیز کرے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمود ساغر نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری کے نام الگ الگ خطوط میں آپریشن بنیان المرصوص کی پہلی سالگرہ کے موقع پر پاکستان کی قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے ایک تاریخی جنگ قرار دیا جس نے دشمن کو ذلت کے ساتھ پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا اور پاکستان کو عالمی سطح پر ایک ذمہ دار جوہری طاقت کے طور پر تسلیم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق اپنی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے دفاع کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے اور یہ واضح پیغام دیتا ہے کہ ملک کونہ تو دبایا جا سکتا ہے اور نہ ہی ڈرایا جا سکتا ہے۔محمودساغر نے کہاکہ بھارت نے پہلگام واقعے کو پاکستان پر حملہ کرنے اورمقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم و جبر تیز کرنے کے لئے ایک بہانے کے طور پر استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں آزادی اظہار، پرامن احتجاج اور اجتماع سمیت بنیادی حقوق کو سختی سے دبایا جا رہا ہے، جبکہ کشمیری رہنما اور خواتین کارکنان کو کالے قوانین کے تحت طویل عرصے تک نظربند کیا جاتا ہے۔محمودساغر نے کہا کہ بھارت علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کررہاہے اور منظم طریقے سے کشمیریوں کے سیاسی اور مذہبی حقوق کو دبا رہا ہے تاکہ ان کی شناخت کو مٹایا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی سیاسی، ثقافتی اور مذہبی شناخت کو مٹانے کی کوششوں نے صورتحال کو مزید سنگین کر دیا ہے۔حریت رہنما نے کہا کہ مذہبی اور تعلیمی اداروں کی بندش سے کشمیریوںکو اپنے مذہب پر عمل کرنے اور اپنے ورثے کو محفوظ رکھنے میں مشکلات کا سامناہے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری کی خاموشی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسے خطے میں سیاسی اور انسانی عدم تحفظ بڑھ گیا ہے۔انہوں نے پاکستان پر زوردیا کہ وہ اس مسئلے کو او آئی سی، اقوام متحدہ اور اس سے منسلک اداروں سمیت بین الاقوامی فورمز پر اٹھائے۔ محمود ساغرنے کشمیریوں کے جائز مقصد کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہمیں پوری امید ہے کہ آپ کی قیادت میں حکومت پاکستان اس اہم معاملے پر غور کرے گی اور خطے میں امن، انصاف اور انسانی حقوق کے تحفظ کو فروغ دینے میں مدد کرے گی۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button