اسلام آباد : کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر میں دعائیہ مجلس کا انعقاد
اسلام آباد:
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے دفتر میں کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں ایک دعائیہ مجلس کا انعقاد کیا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مجلس میں معروف بزرگ حریت رہنما غلام محمد نائیکو ،نائب امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر محمود الحسن اور پروفیسر محمد شفیع عطائی کو انکی وفات پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے حریت رہنمائوں نے کہا کہ مرحوم غلام محمد نائیکو مخلص اور اصول پسند حریت رہنما تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی تحریک آزادی کشمیر کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ انہوں نے ہر دور میں جبر و استبداد کا بہادری سے سامناکیا اور تحریک مزاحمت کی آبیاری اپنی قربانیوں، بصیرت اور بے لوث خدمات سے کی۔شرکا نے غلام نائیکو کی سیاسی بالغ نظری، اخلاص، استقامت اور جدوجہد آزادی کے لیے دی گئی لازوال قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر غلام محمد نائیکو ،محمود الحسن ، پروفیسر محمد شفیع عطائی شہدئے ا جموں و کشمیر ،شہدائے پاکستان و شہدائے غزہ کے ایصالِ ثواب اوربلندی درجات کے لیے دعا کی گئی اور لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیاگیا۔دعائیہ مجلس میں اس عزم کا اعادہ کیاگیا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس شہدا کے ادھورے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھے گی اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائے گا۔







