مقبوضہ جموں و کشمیر

تنازعہ جموں و کشمیرکے منصفانہ حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا : ڈی ایف پی

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے کہاہے کہ مسئلہ جموں و کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان بنیادی اور مرکزی تنازعہ ہے اور اس کے منصفانہ اور پرامن حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈی ایف پی کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر غلام رسول نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارت اور پاکستان کے درمیان مبینہ ٹریک ٹو مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے، اعتماد سازی اور پائیدار امن کے قیام کے لیے ہر مخلصانہ سفارتی کوشش قابلِ تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ہمیشہ مذاکرات، سیاسی مکالمے اور پرامن ذرائع کے ذریعے تنازعات کے حل کے حامی رہے ہیں۔ تاہم یہ حقیقت نظرانداز نہیں کی جا سکتی کہ جب تک بھارت اور پاکستان اپنے مذاکرات میں مسئلہ جموں و کشمیر کو سنجیدگی سے زیرِ بحث نہیں لائیں گے، اس وقت تک جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔ڈاکٹر غلام رسول نے کہاکہ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی ہر ایسے مذاکراتی عمل کی مکمل حمایت کرتی ہے جس کا مقصد مسئلہ جموں و کشمیر کا منصفانہ، پائیدار اور پرامن حل تلاش کرنا ہو۔انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی بامعنی مذاکراتی عمل میں جموں و کشمیر کی حقیقی حریت پسند قیادت اور کشمیری عوام کے مستند نمائندوں کو لازماً شامل کیا جائے، کیونکہ کشمیری عوام اس تنازعے کے بنیادی فریق ہیں اور ان کی براہِ راست شمولیت کے بغیر کوئی بھی امن عمل نہ مکمل ہو سکتا ہے، نہ قابلِ قبول اور نہ ہی دیرپا ثابت ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ جموں و کشمیر کا پرامن حل ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن، علاقائی استحکام اور بھارت و پاکستان کے درمیان بہتر تعلقات کی بنیاد بن سکتا ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button