مقبوضہ جموں وکشمیر دنیا کا سب سے زیادہ فوجی جماﺅ والا علاقہ ہے:حریت کانفرنس
سرینگر: کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر دنیا کا سب سے زیادہ فوجی جماﺅ والا علاقہ ہے جہاںبھارت نے اظہاررائے کی آزادی اور سیاسی سرگرمیوں سمیت تمام بنیادی حقوق سلب کررکھے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی حکومت کشمیریوں کو جمع ہونے اور اپنی بات کہنے کی بھی اجازت نہیں دے رہی،اس نے میڈیا کا گلا گھونٹ دیا ہے جبکہ صحافیوں کو بلا وجہ ہراساں کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان بنیادی تنازعہ ہے جس کے خطے اور پوری دنیا پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔ بیان میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اس دیرینہ تنازعے کا پرامن حل تلاش کرنا ناگزیر ہے۔ترجمان نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم اور کشمیری عوام کے بنیادی حق خودارادیت سے انکار بھارتی سامراجی عزائم کی عکاسی کرتا ہے۔انہوںنے کہا کہ بی جے پی حکومت اور راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ، وی ایچ پی اور بجرنگ دل جیسی ہندو انتہا پسند تنظیمیں اپنے ہندوتوا ایجنڈے اور بیانیے کومتنازعہ علاقے جموں و کشمیر کے لوگوں پر مسلط کر رہے ہیں۔ایڈوکیٹ منہاس نے کہاکہ بی جے پی حکومت اپنی فوج، پولیس اور این آئی اے اورایس آئی اے جیسی ایجنسیوں کو کشمیری عوام کو ہندوتوا ایجنڈا تسلیم کرانے پر مجبور کرنے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ بی جے پی حکومت کو یاد رکھنا چاہیے کہ گولیاں اور بندوقیں کبھی بھی لوگوں کی امنگوں کو دبانے میں کامیاب نہیں ہو سکتیں۔حریت ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کو مودی حکومت کے ہندوتوا فاشزم سے بچانے کے لیے آگے آئے۔انہوں نے بھارت اور مقبوضہ جموں وکشمیرکی مختلف جیلوں میں بند کشمیری قیادت سمیت سیاسی قیدیوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور ان کی فوری رہائی پر زور دیا۔ حریت ترجمان نے کہا کہ کشمیری تمام تر مشکلات کے باوجود حق خودارادیت کے اپنے جائز مطالبے کے لیے سیاسی جدوجہد جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔





