سرینگر جموں ہائی وے ٹریفک کی آمد ورفت کیلئے بند
سرینگر : غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سرینگر جموں ہائی وے آج اودھم پور اور رام بن اضلاع میں مرمت اور بحالی کے کام کے باعث ٹریفک کے لیے بند ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ادھم پور اور رام بن کی ضلعی انتظامیہ نے سڑک کی بحالی اور حفاظتی اقدامات کی غرض سے شاہراہ کو عارضی طور پر بند رکھنے کا حکم دیاہے، جس کے بعد گاڑیوں کی آمدورفت مکمل طور پر معطل ہے۔قابض حکام کے مطابق رام بن ضلع کے گنگرو اور کشتواڑی پتھر جبکہ اودھم پور ضلع کے سمرولی اور لدھا کے علاقوں میں سڑک کی مرمت، ملبہ ہٹانے اور پہاڑی ڈھلوانوں کو مستحکم بنانے کے لیے ہائی وے ٹریفک کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔سرینگر جموں شاہراہ وادی کشمیر کو بیرونی دنیا سے ملانے والا واحد زمینی رابطہ ہے۔ حالیہ دنوں میں خراب موسم، لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کے باعث شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت متعدد بار متاثر ہو چکی ہے۔







