نئی دلی :رام مندر چندہ چوری کے خلاف پجاریوں اور سادھوئوں کا احتجاج
نریندر مودی سے بڑے چوروں کے خلاف کارروائی اور انہیں جیل بھیجنے کا مطالبہ
نئی دہلی: بھارت میں 100 سے زائد پجاریوں، سادھوئوں اور مذہبی رہنمائوں نے ایودھیا کے رام مندر میں جمع ہونے والے چندے کی مبینہ چوری کے خلاف نئی دہلی میں احتجاج کیا او روزیراعظم نریندر مودی سے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے پجاری اور سادھو بارکھمبا روڈ پر نیپالی سفارتخانے کے قریب جمع ہوئے اور وزیراعظم کو یادداشت پیش کرنے کی کوشش کی، جس میں چندے کی مبینہ چوری میں ملوث بڑے چوروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیاتھا۔ اندرپراستھ پیٹھ کے جگدگرو سوامی رامانوجاچاریہ نے مطالبہ کیا کہ رام مندر ٹرسٹ میں اعلیٰ عہدوں پر موجود اور مبینہ چوری میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے اور انہیں جیل بھیجا جائے۔انہوں نے کہا کہ رام مندر کے چندے کی مبینہ چوری سے ہندو سادھوئوں کے بارے میں شکوک پیدا ہوئے ہیں اور اس سے سناتن دھرم کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صرف چھوٹے ملزمان ہی نہیں بلکہ بڑے چوروں کو بھی بخشا نہ جائے اور ٹرسٹ کے ذمہ دار اعلی عہدیداروں کو تحفظ فراہم نہ کیا جائے۔پولیس نے مظاہرین کو وزیراعظم کی رہائش گاہ کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی اور انہیں منڈی ہائوس سے آگے بڑھنے سے روک دیا گیا۔بھارتی رکن پارلیمنٹ پپو یادو نے بھی احتجاج میں شرکت کرتے ہوئے پجاریوں اور سادھوں سے اظہار یکجہتی کیا۔







