نئی دلی :بھارت سفارتی آداب بھول گیا۔نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر سیکورٹی حصار ختم کردیا گیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی حکام نے پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر سے رکاوٹیں ہٹادیں، پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر ٹریفک کیلئے نصب حفاظتی ستون بھی ہٹادیئے گئے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی ویزا سیکشن کے باہر موجود احاطہ بھی توڑ دیا گیا، بھارتی حکام نے پاکستانی ہائی کمیشن کی سیکورٹی ہٹانے کی وجہ نہیں بتائی۔بھارتی میڈیا کے مطابق کارروائی میں بلڈوزر استعمال کیا گیا، جسے پاکستان کے خلاف جوابی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔ پاکستانی سفارتی مشن کو دبائو میں لانے کے لیے ایسے اقدامات بھارت کی سفارتی سنجیدگی پر سوال اٹھاتے ہیں۔ دنیا بھر میں تنقید اور سفارتی دبا ئوکا سامنا ہونے پر نئی دہلی بار بار پاکستان مخالف اقدامات کو داخلی اور خارجی بیانیے کے لیے استعمال کرتا دکھائی دیتا ہے۔ پاکستان کے خلاف آئے روز نیا تنازع کھڑا کرنا بھارت کی پالیسی میں موجود مسلسل محاذ آرائی کی عکاسی کرتا ہے۔ سفارتی مشنز کے معاملات کو سیاسی تماشے میں تبدیل کرنا دوطرفہ تعلقات کو مزید خراب کرنے کا باعث بن سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے بھارت میں امریکی سفیر کے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بیان پر احتجاج کیا تھا جس کے بعد یہ کارروائی کی گئی۔ دفترخارجہ نے سرجیوگور کے متنازع بیان پراسلام آباد میں احتجاجی مراسلہ امریکی ناظم الامور کے حوالے کیا ، امریکی ناظم الامور کو بھارت میں امریکی سفیر کے بیان پر تحفظات سے آگاہ کیا گیا اور پاکستان نے بھارت میں امریکی سفیر کے بیان کو حقائق کے منافی قرار دیا۔






