کشمیری مسلمان اپنی زندگیوں میں سیر ت النبی ۖ اپنا نے کا عہد کریں ، میر واعظ
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے مسلمانوں بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی زندگیوں میں نبی رحمت حضرت محمد مصطفی ۖ کی سیرتِ طیبہ، اسوئہ حسنہ، اعلیٰ کردار اور تعلیماتِ عالیہ کو اپنانے کا عہد کریں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے مسجد شریف مرجان پورہ نوا کدل میں مجلسِ رحمت للعالمین ۖ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی اکرمۖ سے حقیقی محبت اور عقیدت کا تقاضا محض آپ ۖ کو یاد کرنا نہیں بلکہ آپ ۖ کے مشن اور تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رحمت، برداشت، ایثار، حسنِ سلوک، خیر خواہی اور انسانیت کی خدمت وہ عظیم اوصاف ہیں جنہیں رسولِ رحمت ۖ نے اپنی سیرتِ مبارکہ کے ذریعے امت کے سامنے عملی نمونے کے طور پر پیش کیا۔میرواعظ کی طویل عرصے کے بعد علاقے میں آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیاگیا۔






