بھارتی وزیر خارجہ کی تقریر کے دوران اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کے باہر کشمیریوں کا احتجاج
نیویارک:بھارتی وزیر خارجہ کی تقریر کے دوران اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر زکے باہرامریکہ میں مقیم کشمیریوں نے بھرپور احتجاج کرتے ہوئے عالمی ادارے سے مسئلہ کشمیر کے بارے میں اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم اور نیویارک و واشنگٹن میٹروپولیٹن علاقوں کی کشمیری امریکی کمیونٹیز کے زیر اہتمام ہفتہ 26 ستمبر کو اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرزکے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں کشمیری و پاکستانی کمیونٹی کے رہنماوں، خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔مظاہرین نے” اقوام متحدہ سے ایک پکار “کے عنوان سے احتجاج کرتے ہوئے کشمیر ی عوام سے متعلق اقوام متحدہ کے وعدوں اور قراردادوں کی یاد دہانی کرائی۔ شرکا نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں کے حق خودارادیت اور انسانی حقوق کی بحالی کے مطالبات درج تھے۔
مظاہرین نے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے بھارتی وزیر خارجہ کو خطاب کا موقع دیے جانے پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ کشمیری رہنماوں نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر سمیت انسانی حقوق کے معاملات پر انصاف اور اصولوں کو مقدم رکھنا چاہیے۔
مقررین نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دیا جائے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا عالمی سطح پر نوٹس لیا جائے اور کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔احتجاج کے اختتام پر اقوام متحدہ کے حکام کو یادداشت پیش کی گئی جس میں مسئلہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کے لیے فوری سفارتی کوششوں کی اپیل کی گئی۔






