مودی، امیت شاہ، گیانیش کمار نے ”ایس آئی آر“ کے ذریعے جمہوریت کو نقصان پہنچایا، پرکاش راج
نئی دہلی : اداکار اور سماجی کارکن پرکاش راج نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے ووٹر فہرستوں کی ‘خصوصی تفصیلی نظرثانی(ایس آئی آر) کے ذریعے جمہوریت کو نقصان پہنچایا ہے لہذا یہ تینوں ملک کے اصل غدار ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، پرکاش راج نے یہ بات نئی دہلی میں ” نو ایس آئی آر“ No SIR نیشنل پلیٹ فارم کے اجرا کے موقع پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ پلیٹ فارم کی طرف سے ”ایس آئی آر‘ کی منسوخ ، اس متنازعہ عمل سے قبل کی ووٹر فہرستوں کی بحالی ، چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو ہٹانے ، رائے دھندگان کے ناموں کے غیر قانونی اخراج پر فوجداری کارروائی شروع کرنے، الیکشن کمشنروں کی تقرری سے متعلق قانون میں تبدیلی اور الیکشن کمیشن کے سلیکشن پینل کی تشکیلِ نو کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ پلیٹ فارم نے ووٹر فہرستوں کی نظرثانی کے خلاف اپنی مہم کے حصے کے طور پر عوامی تصدیق، عوامی ٹربیونلز اور ملک بھر میں اجلاسوں کے پروگرام کا بھی اعلان کیا ہے۔
پرکاش راج نے کہا کہ اس عمل نے انتخابات کے بارے میں سنگین خدشات کو جنم دیا ہے اوریہ ثابت ہو چکا ہے کہ گیانیش کمار نے سنگین جرم کیا ہے، انہوں نے اس ملک کی خودمختاری اور جمہوریت کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ گیانیش کمار، نریندر مودی اور امت شاہ اس ملک کے اصل غدار ہیں۔
راج نے کرناٹک میں ووٹرز کے نام حذف کرنے کے لیے ‘فارم 7’ کی درخواستوں پر بھی خدشات کا اظہار کیا اور کہا کہ کچھ درخواستوں میں ووٹرز کی تفصیلات پہلے سے چھپی ہوئی تھیں، جبکہ صرف شکایت کنندہ کی تفصیلات ہاتھ سے لکھی گئی تھیں۔
انہوں نے کہایہ لوگ نہیں چاہتے کہ اقلیتیں، مسلمان، عیسائی، دلت اور آدی واسی ووٹ دیں۔ وہ اس ملک کو ان لوگوں میں تقسیم کر رہے ہیں جو ووٹ دے سکتے ہیں اور جو ووٹ نہیں دے سکتے ،یہ انتخابات جیتنے کی ایک واضح کوشش ہے۔
راج نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار بی جے پی کے مفادات کے لیے کام کر رہے ہیں اور وہ اس کے ایجنٹ ہیں۔
انہوں نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ الیکشن کمیشن کے فیصلوں کا جائزہ لے اور” ایس آئی آر “ کے عمل پر پابندی عائد کرے۔








