مقبوضہ کشمیر: بالائی علاقوں میں تازہ برفباری ، سرینگر سمیت دیگر میدانی علاقوں میں بارش
مغل روڈ ، سرینگر لیہہ شاہراہ ٹریفک کیلئے بند
سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں تازہ برف باری اور بارش کے بعد تاریخی مغل روڈ کو ہر قسم کی گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پیر کی گلی میں تازہ برف باری ا ور انتہائی خراب موسم کی وجہ سے مغل روڈ کو احتیاطی اقدام کے طور پر بند کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی ٹریفک نے ایک بیان میں کہا کہ مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ احکامات تک مغل روڈ پر سفر کرنے سے گریز کریں۔ دریں اثنا مقبوضہ جموں و کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں تازہ برف باری جبکہ سرینگر سمیت میدانی علاقوں میں بارش ہوئی ہے ۔
حکام کا کہنا ہے کہ زوجیلا پاس پر برف باری کے باعث سری نگر-لیہہ شاہراہ کو بھی بند کرنا پڑا۔برفباری ، بارش کی وجہ سے پوری وادی میں دن کے درجہ حرارت میں دوبارہ کمی آئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے موسم 20مارچ تک خراب رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔






