اسلام آباد: حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے وفد کی صدر آزاد جموں وکشمیر سے ملاقات
مقبوضہ جموں کی صورتحال پر تبادلہ خیال،مسئلہ کشمیرکا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے، صدر
اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے ایک وفد نے صدر آزاد جموں وکشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان سے اسلام آباد میں ملاقات کی ۔ملاقات میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی تازہ صورتحال، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر موثر انداز میں اجاگر کرنے سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد کی قیادت حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی کر رہے تھے۔ اس موقع پر سپیکر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق بھی موجود تھے ۔ حریت وفد میں محمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساغر، جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ، سید فیض نقشبندی، شیخ عبدالمتین، شیخ محمد یعقوب، چوہدری شاہین اقبال اور سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی شامل تھے۔
صدر آزاد جموں و کشمیرنے ملاقات کے دوران کہا کہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور اس کا حتمی حل کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے حقِ خودارادیت دیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت قابلِ تحسین ہے۔صدر نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اقدامات مسئلہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتے اور نہ ہی ایسے اقدامات کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو ختم کر سکتے ہیں۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کیطرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، سیاسی کارکنوں اور حریت رہنماں کی گرفتاریوں، اظہارِ رائے کی پابندیوں اور جبر و استبداد کے دیگر ہتھکنڈوں کو عالمی سطح پر موثر طریقے سے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اداروں اور عالمی مبصرین کو مقبوضہ علاقے تک آزادانہ رسائی دی جانی چاہیے تاکہ زمینی حقائق کا غیر جانب دارانہ جائزہ لیا جا سکے۔صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ اقوام متحدہ نے کشمیری عوام سے جو وعدے کیے تھے، عالمی ادارے کو ان کی تکمیل کے لیے اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔
کنوینر غلام محمد صفی اور جملہ حریت قیادت نے ڈاکٹر محمد نجیب خان کو صدر آزاد جموں و کشمیر کا منصب سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ غلام محمدصفی نے صدر آزاد کشمیر کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ صورتحال اور حریت قیادت و کارکنوں کو درپیش مشکلات سے تفصیلی طور پرآگاہ کیا۔









