شہداءکی عظیم قربانیوں کیوجہ سے مسئلہ کشمیر دنیا میں توجہ کا مرکز بن گیا،حریت کانفرنس آزاد کشمیرشاخ

اسلام آباد: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں پیش آنے والے قتل عام کے لرزہ خیز واقعات کے شہداءکی یاد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام ایک دعائیہ مجلس کا انعقاد کیا گیا۔ کنوینر غلام محمد صفی کی زیر صدرات مجلس میں حریت رہنماﺅں ، سول سوسائٹی ارکان اور صحافیوں نے شرکت کی۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مجلس میں جنوری کے مہینے کو مقبوضہ کشمیر میں خونریز فوجی کارروائیوں اور اجتماعی قتلِ عام کا مہینہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ بھارتی فورسز نے گاوکدل (1990ء)، ہندواڑہ (1990ئ) ،سوپور (1993ء)اور کپواڑہ (1994ء) میں نہتے شہریوں پراندھا دھند گولیاں برسائیں، گھروں اور املاک کو نذرِ آتش کیا اور سینکڑوں کشمیری شہید کیے۔ قتل عام کے تمام واقعات جنوری کے مہینے میں پیش آئے ۔مجلس کے مقررین نے کہا کہ بے گناہ کشمیریوں کے قتل کے یہ اندوہناک واقعات نام نہاد بھارتی جمہوریت کے ماتھے پر ایک بدنما دھبہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادی کی مجرمانہ خاموشی کے باعث بھارت کو مقبوضہ علاقے میں نہتے لوگوں پر مظالم جاری رکھنے کی شہ مل رہی ہے ، دنیا کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر بھارت کا محاسبہ کرے۔
مقررین نے کہا کہ بھارت کے تمام تر جبر، ریشہ دوانیوں اور سازشوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنے شہداءکے عظیم مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔غلام محمد صفی نے اس موقع پر کہا کہ شہداءکی عظیم قربانیوں کی بدولت تنازعہ کشمیر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایک تنازعہ ہے جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوںکی خواہشات کے مطابق حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن و استحکا م کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ۔مجلس کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی اور مقبوضہ جموں کشمیر کی بھارتی غلامی سے جلدآزادی کیلئے دعا کی گئی۔
دعائیہ تقریب میں سینئر حریت رہنما محمد فاروق رحمانی ،محمود احمد ساغر، ایڈوکیٹ پرویز احمد ،میر طاہر مسعود ،سید فیض نقشبندی ، شمیم شال،،داود خان،شیخ محمد یعقوب ،حسن البنا،سید اعجاز رحمانی ،حاجی محمد سلطان ، جاوید جہانگیر ، میاں مظفر ،زاہد صفی، امتیاز وانی،زاہد اشرف ، انجینئر محمود مرزا،سید کفایت حسین، عدیل مشتاق،سید گلشن احمد،شیخ عبد الماجد ،محمد اشرف ڈار ،منظور احمد ڈار، ،نذیر کرناہی،محمد شفیع ڈار،شوکت بٹ ،شوکت ابوزر،رئیس میر، خالد شبیر، عمر بٹ اور مشتاق احمد بٹ شامل تھے۔







