میرواعظ عمر فاروق کاریاض ایئرپورٹ پر حملے پر اظہارِ تشویش
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق نے سعودی عرب کے ریاض ایئرپورٹ پر حملے میں شہریوں کے جاں بحق ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
میرواعظ عمر فاروق نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کی مذمت کی۔ اس حملے کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا اور سینکڑوں افراد زخمی ہوئے۔ انہوں نے کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لیے تحمل، مذاکرات اور سفارت کاری پر زور دیا۔
میرواعظ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں اس واقعے کو باعثِ تشویش قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملہ خطرناک حد تک کشیدگی میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس واقعے سے خطے میں شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ میرواعظ نے خبردار کیا کہ اس حملے سے پہلے ہی موجود سنگین علاقائی بحران مزید پھیلنے کا خطرہ ہے۔
دریں اثناءمقبوضہ جموں وکشمیر کے مفتی اعظم، مفتی ناصر الاسلام نے بھی میرواعظ کے موقف کی تائید کی۔ اپنے بیان میں مفتی اعظم نے ایمان کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ اخلاقی تربیت کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اچھا کردار انسان کے ایمان کا عملی مظہر ہوتا ہے۔








