میر واعظ عمر فاروق کا خلیفہ اول حضرت ابو بکر صدیق کو شاندارخراج عقیدت

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فارق نے خلیفہ اول حضرت سیدنا ابو بکر صدیق کے یوم وصال پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے آپ کو دین اسلام، ملت اسلامیہ بلکہ پوری انسانیت کا ایک عظیم محسن، مربی اور محافظ قرار دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ نے ایک بیان میںکہا کہ حضرت ابو بکر صدیق وہ عظیم المرتبت انسان اورصاحب نسبت مسلمان ہیںجن کی دین اسلام، اشاعت اسلام، حفاظت اسلام اور دعوت اسلام کے تئیں خدمات اور قربانیاں انتہائی بیش بہا اور ناقابل فراموش ہیں اور انہیں تنہا یہ اعزاز حاصل ہے کہ یکے بعد دیگرے انکی چار نسلوںکو صحابیت کا درجہ افتخار اور مقام حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت صدیق اکبر کو خراج عقیدت پیش کرنے کا حق تبھی ادا ہو سکتا ہے جب دور حاضر کے مسلمان موجودہ مسائل اور چیلنجز کے حل کیلئے حضرت صدیق اکبر کے دین اسلام، شعائر اسلام اور پیغمبر اسلام ۖ کے تئیں بے مثال وفاداری، جاں نثاری اورعشق رسالت مآب ۖ کو سامنے رکھ کر اپنی موجودہ زندگی ،طرز عمل اور روش کا گہرائی سے جائزہ لیں اوران کی تعلیمات اور ہدایات کو اپنے لئے مشعل راہ بنائیںکیونکہ یار غار رسول ۖ ایک عظیم شخصیت ہیں اور ان کی قربانیاں بے نظیر اور بے مثال ہیں اور ان کے نقش قدم پر چلنے میں ہی دارین کی کامیابی و ترقی کا راز مضمر ہے۔





