بارہمولہ: اوری کے 50سے زائد دیہات گزشہ چار روز سے بجلی سے محروم
لینڈ سلائیڈنگ کے باعث اورڑی بارہمولہ سڑک بند ، انتظامیہ مسائل دور کرنے میں ناکام
سرینگر : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ضلع بارہمولہ کے علاقے اوڑی میں 50سے زائددیہات گزشتہ چار روز سے بجلی سے محروم ہیں ۔ چند روز قبل شدید بارشوں کے باعث اوڑی بارہمولہ شاہراہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہو گئی تھی ۔ لینڈ سلائیڈنگ کیوجہ سے بجلی کے کھمبے بھی اکھڑ گئے تھے جس کے نتیجے میں پچاس سے زائد دیہات بجلی سے محرو م ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مقامی لوگوں نے سڑک اور بجلی کی بحالی میں قابض بھارتی انتظامیہ کی تاحال ناکامی پر شدید اظہار برہمی کیا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ کہ اوڑی بارہمولہ سڑک وادی کے دیگر حصوں سے انکے رابطے کا واحد ذریعہ ہے ، سڑک پر سے ملبے ہٹانے کا کام انتہائی سست ررفتاری کا شکار ہے جس کی وجہ سے تاحال ٹریفک بحال نہیں ہو سکی ہے۔
انہوںنے کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ نے بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے، 33 کے وی بجلی لائن اور کئی بجلی کے کھمبے تباہ ہو گئے ہیں۔ اس کے نتیجے میں اڑی کے علاقے میں 50 سے زائد دیہات گزشتہ چار دنوں سے بجلی سے محروم ہیں۔
رہائشیوں کا کہنا ہے کہ بار بار راستے بند ہونے سے روزمرہ کی آمدورفت، اشیائے ضروریہ کی ترسیل اور خدمات تک رسائی متاثر ہو رہی ہے، جبکہ مسافروں کو طویل متبادل راستے اختیار کرنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے انتظامیہ اور متعلقہ محکموں پر زور دیا ہے کہ وہ ملبہ ہٹانے کے کام میں تیزی لائیں، ٹریفک کی روانی بحال کریں اور بجلی کے تباہ شدہ ڈھانچے کی مرمت کریں تاکہ متاثرہ آبادی کو ریلیف مل سکے۔






