پلوامہ:کانگریس کا ‘ووٹ بچاؤ، ملک بچاؤ’ احتجاج
سرینگر:انڈین نیشنل کانگریس نے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیرقبضہ جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ کے علاقے پامپور میں’ووٹ بچاؤ، ملک بچاؤ’ احتجاج کیا۔مظاہرین نےجمہوریت کے تحفظ، ووٹ کی تقدیس کے تحفظ اور عوام کے آئینی حقوق کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کانگریس کے سینئر رہنما اور مبصر کلجیت سنگھ ناگرا نے ٹاؤن ہال، پلوامہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی کے توسیعی اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس کے دوران، انہوں نے یکم نومبر کو رام لیلا میدان میں ہونے والے پروگرام کے کامیاب انعقاد کے لیے واضح ہدایات جاری کیں اور پارٹی تنظیم سے مطالبہ کیا کہ وہ ہر بلاک، منڈل اور پنچایت کی سطح پر ‘ووٹ بچاؤ، ملک بچاؤ’ مہم کو تیز کرے۔ انہوں نے اتحاد، نظم و ضبط، نچلی سطح پر متحرک ہونے اور کانگریس کارکنوں کی فعال شرکت کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اس مہم کو ایک مضبوط جمہوری تحریک بنایا جا سکے۔
پارٹی نے صبح سویرے حکام کی جانب سے کئی سینئر کانگریس کارکنوں کی حراست پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ کانگریس رہنماؤں نے زور دیا کہ جمہوری آوازیں سنی جانی چاہئیں اور پرامن سیاسی سرگرمی جمہوری معاشرے کا لازمی حصہ ہے۔
کانگریس قیادت نے پارٹی کارکنوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ جمہوریت کے دفاع کے لیے متحد ہوں اور یقینی بنائیں کہ یہ مہم ضلع پلوامہ کے ہر گاؤں، پنچایت اور محلے تک پہنچے۔








