جموں کی عدالتوں میں 65 افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل
چارج شیٹس میں آزاد کشمیر کے رہائشیوں کو نشانہ بنایا گیا
جموں:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی پولیس کے اسپیشل کرائم ونگ نے جموں خطے کے چار اضلاع میں آزاد کشمیر کے رہائشیوں کے مبینہ غیر قانونی قیام کے الزام پر 65 افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل کر دی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ چارج شیٹس جموں، پونچھ، راجوری اور کٹھوعہ کے اضلاع کی عدالتوں میں آٹھ الگ الگ مقدمات میں دائر کی گئی ہیں۔ بھارتی ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ ان افراد میں آزاد جموں و کشمیر کے وہ رہائشی بھی شامل ہیں جو 1970ءکی دہائی کے اواخر سے قانونی سفری دستاویزات پر وہاں پہنچے تھے، لیکن اب مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر مقیم ہیں۔
اس اقدام کو مقبوضہ علاقے میں کئی دہائیوں سے آباد مسلمانوں اور آزاد جموں و کشمیر کے رہائشیوں کو ہراساں کرنے اور انہیں نشانہ بنانے کی بھارت کی منظم مہم کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس مہم کے ذریعے انہیں رہائشی حقوق سے محروم کرنے اورکالے قوانین کے تحت ان کی رہائش کو جرم قرار دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔






