سرینگر: میرواعظ عمر فاروق کا مولانا عباس انصاری کو خراجِ عقیدت
سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق نے ممتاز آزادی پسند رہنما اور معروف عالمِ دین مولانا محمد عباس انصاری کی چوتھی برسی پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے مرحوم کو مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کے لیے مکالمے اور مذاکرات کے ثابت قدم حامی کے طور پر یاد کیا۔
میرواعظ عمر فاروق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ وہ مولانا عباس انصاری کو ان کی برسی پر نہایت محبت اور عقیدت کے ساتھ یاد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’عباس صاحب میرے لیے محض ایک رفیقِ کار نہیں بلکہ ایک شفیق باپ کی حیثیت رکھتے تھے۔ ان کے ساتھ طویل رفاقت اور ان کی رہنمائی نے میری سوچ اور نقطۂ نظر کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔‘‘
میرواعظ نے مزید لکھا، ’’مرحوم کو اس بات پر پختہ یقین تھا کہ تصادم نہیں بلکہ مکالمہ اور مذاکرات ہی آگے بڑھنے کا بہترین راستہ ہیں۔ یہی وہ طرزِ عمل اور نقطۂ نظر ہے جس کی ہم مسلسل وکالت کرتے آئے ہیں اور جسے ہم جنوبی ایشیا میں امن کے قیام کی سب سے مؤثر ضمانت سمجھتے ہیں۔
’’ان کی وفات کو چار برس گزر چکے ہیں، لیکن ان کی کمی آج بھی شدت سے محسوس ہوتی ہے۔ مخلصانہ مذاکرات ہی آج بھی آگے بڑھنے کا بہترین راستہ ہیں۔ اللہ تعالیٰ انہیں جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔‘‘







