مقبوضہ جموں و کشمیر

مقبوضہ جموں و کشمیر میں 2019 سے اب تک 16ہزار سے زائد خواتین اور لڑکیاں لاپتہ

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں 2019 سے اب تک کم از کم 16,397خواتین اور لڑکیاں لاپتہ ہو چکی ہیں جن میں کم عمر لڑکیاں بھی شامل ہیں اور ان میں سے 4,271کا تاحال کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔
یہ اعداد و شمار مقبوضہ جموں و کشمیرکے محکمہ داخلہ سے معلومات تک رسائی کی درخواست (آر ٹی آئی)کے ذریعے حاصل کیے گئے۔ ریکارڈ کے مطابق 2019 سے جون 2026 تک مقبوضہ علاقے میں 14,593بالغ خواتین لاپتہ ہوئیں۔ان میں سے 11,338 خواتین کا سراغ لگا لیا گیا، جبکہ 3,255تاحال لاپتہ ہیں۔ اسی طرح 2019 سے اگست 2026 تک 1,804کم عمر لڑکیاں لاپتہ ہوئیں۔ ان میں سے 788 کو تلاش کر لیا گیاجبکہ 1,016کا تاحال کوئی سراغ نہیں ملا۔
مجموعی طور پر لاپتہ ہونے والی 16,397خواتین اور لڑکیوں میں سے 12,126کا سراغ لگایا گیا۔ یوں 26فیصد سے زائد کیسز تاحال حل طلب ہیں۔2019 میں لاپتہ ہونے والی بالغ خواتین کی تعداد 1,388تھی۔ 2020 میں یہ تعداد بڑھ کر 1,398ہو گئی۔ 2021 میں 1,854 خواتین لاپتہ ہوئیں۔ 2022 میں یہ تعداد معمولی کمی کے ساتھ 1,766رہی۔ تاہم اگلے سال اس میں نمایاں اضافہ ہوا۔ 2023 میں 2,242 خواتین لاپتہ ہوئیں۔سرکاری ریکارڈ کے مطابق 2025 میں بالغ خواتین کے لاپتہ ہونے کے سب سے زیادہ یعنی 2,595واقعات درج ہوئے۔ ان میں سے 2,102خواتین کا سراغ لگا لیا گیا جبکہ 493تاحال لاپتہ ہیں۔کم عمر لڑکیوں کے معاملے میں بھی یہی رجحان سامنے آیاہے۔
2019 میں 150لڑکیاں لاپتہ ہوئیں۔ 2020 میں یہ تعداد کم ہو کر 122رہ گئی۔ تاہم 2021 میں 221اور 2022 میں 249لڑکیاں لاپتہ ہوئیں۔ 2023 میں یہ تعداد بڑھ کر 261ہو گئی۔ 2024 میں یہ کم ہو کر 226رہی، جبکہ 2025 میں 289تک پہنچ گئی۔18 سال سے کم عمر لڑکیوں کے لاپتہ ہونے کے 289واقعات 2025 میں رپورٹ ہوئے، ان میں سے 166لڑکیوں کا تاحال کوئی سراغ نہیں ملا۔ رواں سال اگست تک 286لڑکیاں لاپتہ ہوئی ہیں۔ ان میں سے 158تاحال لاپتہ ہیں۔ یہ اعداد و شمار خاص طور پر تشویش ناک ہیں۔
2019 سے اب تک لاپتہ ہونے والی کم عمر لڑکیوں کے نصف سے زائد کیسز تاحال حل نہیں ہوئے۔جرائم کے ریکارڈ بیورو کے 2024 کے اعداد و شمار کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں خواتین کو شادی پر مجبور کرنے کے لیے اغوا، زبردستی لے جانے یا آمادہ کرنے کے 1,202مقدمات درج ہوئے۔
مبصرین اور انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج اور اس کی حمایت یافتہ غیر سرکاری تنظیمیں تنازعے سے متاثرہ خواتین کی نفسیاتی کمزوریوں سے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ ان کے مطابق خواتین اور لڑکیوں کو ملازمتوں اور دیگر مراعات کا لالچ دیا جاتا ہے۔ بعدازاں انہیں نئی دہلی اور بھارت کے دوسرے شہروں میں لے جایا جاتا ہے۔ وہاں انہیں جبری مشقت، جبری شادیوں اور دیگر غیر اخلاقی سرگرمیوں پر مجبور کیاجاتا ہے۔
حریت قیادت اور علمائے دین نے عالمی برادری سے تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے تنازعے سے متاثرہ علاقے میں خواتین کے استحصال کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔انہوں نے خبردار کیا کہ مسلسل بھارتی قبضے اور سیاسی غیر یقینی صورتحال کے باعث کمزور طبقات، خصوصا خواتین اور کم عمر لڑکیوں کو شدید عدم تحفظ کا سامنا ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button