مظفرآباد: یومِ سیاہ کے موقع پر احتجاجی مظاہرہ، اقوامِ متحدہ کے مبصر مشن کو یادداشت پیش
وزیراعظم آزاد کشمیر، حریت قیادت اور سیاسی، مذہبی و سماجی رہنماؤں کی شرکت

مظفرآباد: مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کے 79 سال مکمل ہونے پر 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ کے موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کی اپیل پر پورے آزاد جموں و کشمیر میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔
مظفرآباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ اور جموں و کشمیر لبریشن سیل کے اشتراک سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر افتخار گیلانی، حریت قیادت اور سیاسی، سماجی و تاجر رہنماؤں نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے کے اختتام پر اقوامِ متحدہ کے مبصر مشن کے دفتر میں ایک یادداشت پیش کی گئی، جس میں مسئلہ کشمیر کے حل اور عالمی ادارے کی قراردادوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا گیا۔
وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر افتخار گیلانی نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریکِ آزادی کشمیر کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور آزادی کی جدوجہد میں قربانیاں دینے والی ماؤں، بہنوں، بیٹیوں اور نوجوانوں کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں تحریکِ آزادی کی تاریخ کا اہم باب ہیں اور ان کی جدوجہد کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
دیگر مقررین نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کشمیریوں کے لیے ایک سیاہ دن ہے۔ یومِ سیاہ منانے کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی جانب مبذول کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود کشمیری عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے حقِ خودارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
مقررین نے کہا کہ تحریکِ آزادی کشمیر کے دوران کشمیری عوام نے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور وہ مختلف مواقع پر پاکستان کے ساتھ اپنی وابستگی کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، تاہم تحریکِ آزادی کے مقصد کو آگے بڑھانے کے لیے اتحاد، باہمی ہم آہنگی اور مشترکہ جدوجہد ناگزیر ہے۔
مقررین نے 5 اگست 2019ء کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر کی آئینی و انتظامی صورتِ حال، آبادی کے تناسب میں تبدیلیوں اور انسانی حقوق سے متعلق خدشات پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور مسئلہ کشمیر کے پُرامن و منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
جلسے کے اختتام پر برہان وانی شہید چوک سے ریلی نکالی گئی، جو اقوامِ متحدہ کے مبصر مشن کے دفتر کے باہر اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر مشن کو ایک یادداشت پیش کی گئی، جس میں عالمی ادارے کی توجہ مسئلہ کشمیر کے حل، کشمیری عوام کے حقوق کے تحفظ اور اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کی ضرورت کی جانب مبذول کرائی گئی۔
احتجاجی جلسے سے کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے سابق کنوینر محمود ساغر، سیکرٹری جنرل ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ، وزیر توانائی و آبی وسائل ثاقب مجید راجہ، ڈائریکٹر کشمیر لبریشن سیل سجاد لطیف، حریت رہنماؤں راجہ خادم حسین، نذیر کرناہی، اشفاق مجید میر اور مشتاق الاسلام، پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر، مہاجرین نمائندہ فورم کے حمزہ شاہین، تاجر رہنما عبدالرزاق خان اور چوہدری تنویر اقبال سمیت دیگر شخصیات نے بھی خطاب کیا۔
دریں اثنا، یومِ سیاہ کے سلسلے میں کوٹلی، آزاد کشمیر میں بھی ریلی نکالی گئی، جس میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ مقررین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری ظلم و استبداد روکنے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔ ریلی میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے رہنماؤں منظور احمد شاہ اور چوہدری شاہین نے بھی شرکت کی۔









