جموں وکشمیر پربھارت کا فوجی قبضہ ایک منظم نوآبادیاتی منصوبے کی شکل اختیار کر چکا ہے: رپورٹ
آبادیاتی تبدیلیاں کشمیری عوام کی سیاسی شناخت، زمین کے حقوق اور مستقبل کے لیے خطرہ ہیں
استنبول:استنبول میں قائم وکلا کی ایک بین الاقوامی تنظیم کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر پر بھارتی حکمرانی طویل فوجی قبضے سے آگے بڑھ کر ایک منظم نوآبادیاتی منصوبے کی شکل اختیار کر چکی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق رپورٹ میں آبادیاتی تبدیلیوں، فوجی قبضے، سیاسی جبر اور بنیادی آزادیوں پر پابندیوں کا حوالہ دیا گیا ہے۔ یہ اقدامات خصوصا 2019 میں علاقے کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد سامنے آئے۔ رپورٹ استنبول میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم ورلڈ وائیڈ لائرز ایسوسی ایشن (WOLAS)نے جاری کی ہے اور اس میں قانونی ماہرین اور جامعات سے وابستہ اساتذہ شامل ہیں۔
رپورٹ میں اگست 2019 سے 2026 تک کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا ہے۔ اس کے مطابق بھارتی پالیسیاں فوجی کنٹرول سے آگے بڑھ چکی ہیں اور کشمیری عوام کی سیاسی شناخت، زمین کے حقوق اور مستقبل کے لیے خطرہ بن رہی ہیں۔رپورٹ کے مطابق اگست 2019 میں جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنا ایک فیصلہ کن موڑ ثابت ہوا۔ اس کے بعد قانونی اور انتظامی تبدیلیوں نے مقامی آبادی کے تحفظ کو کمزور کر دیا۔
رپورٹ میںکشمیر میڈیا سروس اور جموں و کشمیر کولیشن آف سول سوسائٹی کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے جنوری 1989 سے اگست 2026 تک مجموعی جانی نقصان کی تفصیلات دی گئی ہیں۔ ان کے مطابق اس عرصے میں 96,502افراد شہید ، ایک لاکھ 84ہزار سے زائد شہری گرفتار ہوئے جبکہ ایک لاکھ 10ہزار سے زائد مکانات اور دیگر عمارتیں تباہ اور تقریبا 23ہزار خواتین بیوہ ہوئیں۔ رپورٹ میں آٹھ ہزار سے زائد جبری گمشدگیوں اور جنسی تشدد کے 11ہزار سے زیادہ واقعات کا بھی ذکر ہے۔
رپورٹ میں شمالی کشمیر میں بے نام قبروں سے متعلق 2011 کی تحقیقات کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔ اس تحقیقات میں 38مقامات پر 2,730 گمنام قبروں کی موجودگی سامنے آئی تھی۔ ان میں سے 2,156قبروں کے بارے میں کوئی معلومات نہیں کہ وہ کن کی ہیں۔رپورٹ کے مطابق آرمڈ فورسزاسپیشل پاورز ایکٹ(افسپا)انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر احتساب کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ اس قانون کے تحت مسلح افواج کے اہلکاروں کے خلاف عام عدالتوں میں مقدمہ چلانے سے پہلے بھارتی حکومت کی منظوری ضروری ہے۔ اقوام متحدہ کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کہتی ہے کہ بھارتی حکومت نے تقریبا تین دہائیوں میں ایسے کسی مقدمے کی منظوری نہیں دی۔
رپورٹ میں آبادی کے تناسب سے جموں و کشمیر میں فوجی موجودگی کو دنیا کے سب سے زیادہ فوجی جمائو والے علاقوں میں شمار کیا گیا ہے۔رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ 2019 کے بعد قائم ہونے والا نظام محض جبر نہیں بلکہ ایک نوآبادیاتی منصوبہ ہے۔ اس میں شہریت اور ڈومیسائل قوانین میں تبدیلیوں کا حوالہ دیا گیا ہے۔ ان تبدیلیوں کے تحت غیر مقامی افراد کو رہائشی حقوق حاصل کرنے اور زمین خریدنے کی اجازت ملی۔ رپورٹ میں 2023 کی بے دخلی مہم اور اہم اداروں و مقامات کے نام تبدیل کرنے کا بھی ذکر ہے۔
رپورٹ میں علاقے کی لسانی اور تعلیمی صورت حال میں تبدیلیوں کو بھی اجاگر کیا گیا ہے جس کے مطابق اردو کی واحد سرکاری زبان کی حیثیت ختم کی گئی۔ ہندو انتہاپسندتنظیم راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ((آر ایس ایس)سے وابستہ گروپوں کے زیر انتظام اسکولوں میں بھی توسیع کی گئی۔
رپورٹ میں مذہبی سرگرمیوں پر پابندیوں کا بھی ذکر ہے۔ اس کے مطابق سرینگر کی جامع مسجد اور عیدگاہ میں مسلسل کئی برس عید کی نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ کشمیر کے مفتی اعظم اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق کو بھی بار بار گھر میں نظر بند کیا گیا۔بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت ان پالیسیوں کا جائزہ لیتے ہوئے رپورٹ میں چوتھے جنیوا کنونشن کے آرٹیکل 49(6)کا حوالہ دیا گیا ہے۔ یہ شق قابض طاقت کو اپنی شہری آبادی کو مقبوضہ علاقے میں منتقل کرنے سے روکتی ہے۔
رپورٹ میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری گرفتاریوں اورنظربندیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاگیا کہ 2019 کے بعد چار سینئر سیاسی رہنمائو ں کی دوران حراست موت ہوئی اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون(یو اے پی اے)کے تحت دس مقامی تنظیموں پر پابندی لگائی گئی۔رپورٹ کے مطابق بزرگ آزادی پسند رہنما سید علی گیلانی 2021 میں کئی برس کی نظر بندی کے بعد وفات پا گئے۔ سینئر حریت رہنما محمد اشرف صحرائی اور الطاف احمد شاہ بھی دوران حراست وفات پا گئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی تحقیقاتی ایجنسی نے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ محمد یاسین ملک کے لیے سزائے موت کا مطالبہ کیا ہے۔ وہ پہلے ہی عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔
رپورٹ میں پبلک سیفٹی ایکٹ اور یو اے پی اے کے تحت احتیاطی نظربندیوں کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ لیگل فورم فار کشمیر اور کشمیر لا اینڈ جسٹس پروجیکٹ کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق 2019 سے 2026 تک ان قوانین کے تحت 26,129گرفتاریاں ہوئیں۔رپورٹ کے مطابق گرفتاریوں میںسب سے زیادہ اضافہ 2019 میں ہوا جب بھارت نے علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کی۔ 2024 سے اعداد و شمار میں دوبارہ اضافہ دیکھا گیا۔ رپورٹ میں کہاگیاکہ اپریل 2025 میں پہلگام حملے کے بعد تقریبا 2,800شہریوں کو گرفتارکیاگیا۔
رپورٹ میں نظربند خواتین کا بھی ذکر ہے جس کے مطابق مارچ 2026 میں دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کو عمر قیدکی سزا سنائی گئی۔ ان کی دو ساتھیوں کو 30، 30 سال قید کی سزا دی گئی۔ رپورٹ ان سزائوں کو کسی ثابت شدہ پرتشدد کارروائی کے بجائے سیاسی اظہار کی سزا قرار دیتی ہے۔رپورٹ میں طویل عرصے سے نظربند کشمیری رہنما عاشق حسین فکتو کا بھی ذکر ہے، جو 1993 سے نظربند ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ان سے ایک خالی کاغذ پر دستخط کرائے گئے، جسے بعد میں ان کا اعترافی بیان بنا کر استعمال کیا گیا۔ 2008 میں ان کی رہائی کی سفارش مسترد کر دی گئی۔ رپورٹ کہتی ہے کہ اب وہ علاج نہ ہونے کے باعث گلوکوما اور جزوی نابینائی کا شکار ہیں۔ جیل میں رہتے ہوئے انہوں نے ڈاکٹریٹ مکمل کی اور 20 سے زائد کتابیں لکھیں۔
رپورٹ میں نگرانی کے بڑھتے ہوئے نظام پر تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ اس میں گھر گھر بائیومیٹرک رجسٹریشن بھی شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2026 تک 4,249 کتابوں پر پابندی لگائی گئی۔رپورٹ ان اقدامات کو کنٹرول کے ایک وسیع تر نظام کا حصہ قرار دیتی ہے۔ اس کے مطابق یہ نظام سکیورٹی کارروائیوں سے آگے بڑھ کر ثقافتی، علمی اور سماجی زندگی تک پھیل چکا ہے۔
رپورٹ میں سیاحت، سینما اور بین الاقوامی تقریبات کے ذریعے علاقے میں معمول کے حالات دکھانے کی کوششوں کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔رپورٹ کا کہنا ہے کہ ایسی سرگرمیاں سیاسی حقوق، آزادی اظہار اور مقامی خودمختاری سے متعلق حل طلب مسائل کو نظروں سے اوجھل کر سکتی ہیں۔رپورٹ میں کشمیر کے ثقافتی ورثے کے تحفظ پر زور دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ کشمیری عوام کی آواز اور امنگوں کو سرکاری بیانیوں کے زیر اثر نہیں آنے دینا چاہیے۔
رپورٹ میں انسانی حقوق کے معروف کشمیری کارکنوں کے خلاف قانونی کارروائیوں کابھی حوالہ دیاگیا ہے۔ رپورٹ میں کہاگیاہے کہ بار ایسوسی ایشن کی ادارہ جاتی حیثیت کو کمزور کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق صحافیوں، وکلا اور ماہرین تعلیم کے پاسپورٹ منظم انداز میں مسترد کیے جاتے ہیں اورپابندیوں کے ذریعے ان کی نقل و حرکت، معلومات کے تبادلے اور بین الاقوامی اداروں سے رابطے کی صلاحیت محدودکی جاتی ہے۔رپورٹ کے مطابق ان پر دبا ئوآزادانہ نگرانی کو کمزور کرتا ہے۔ اس سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دستاویزی شکل دینا اور عالمی اداروں کے سامنے پیش کرنا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔ رپورٹ میں خبردارکیاگیا ہے کہ آزاد قانونی اور صحافتی اداروں کی کمزوری سے متاثرہ آبادی کے پاس مظالم کو چیلنج کرنے، انصاف حاصل کرنے اور اپنے حقوق کے دفاع کے مواقع کم رہ جاتے ہیں۔
رپورٹ میں کشمیر کے سکیورٹی نظام میں بھارت اور اسرائیل کے گٹھ جوڑ کا جائزہ لیا گیا ہے۔ اس میں اسرائیل سے حاصل کیے گئے ہیرون ڈرونز، ٹاور رائفلز اور گائیڈڈ گولہ بارود کا حوالہ دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے ساتھ بھارت کے سالانہ دفاعی اخراجات تقریبا ایک ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں جو 2014 کے مقابلے میں دوگنا ہیں۔رپورٹ میں لندن کی فرم اسٹوک وائٹ انویسٹی گیشنز کے جمع کردہ شواہد کا بھی حوالہ ہے جس میں پوچھ گچھ کے دوران اسرائیلی انٹیلی جنس اہلکاروں کی موجودگی کا الزام لگایا گیا ہے۔ رپورٹ میں صحافی آزاد عیسی کے تجزیے کا بھی ذکر ہے۔ ان کے مطابق ہندوتوا اور صیہونیت میں ساختی مماثلتیں ہیں ۔
رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ تشدد، من مانی گرفتاریاں، گھروں کی مسماری اور آبادی کی منتقلی جیسے اقدامات چوتھے جنیوا کنونشن کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ اقدامات روم قانون کے تحت جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے زمرے میں بھی آ سکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق بھارت روم قانون کا فریق نہیں ہے جس سے احتساب کا خلا پیدا ہوتا ہے۔اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے ورلڈ وائیڈ لائرز ایسوسی ایشن نے کئی سفارشات پیش کی ہیں۔
رپورٹ میں ہدفی پابندیاں عائد کرنے اور 2019 میں خصوصی حیثیت کی منسوخی کی قانونی حیثیت پر عالمی عدالت انصاف سے مشاورتی رائے لینے کے لیے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے درخواست کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔رپورٹ کے اختتام پر کہا گیا ہے کہ 2019 کے بعد سامنے آنے والی تبدیلیاں مسلسل عالمی توجہ، آزادانہ نگرانی اور مربوط قانونی کارروائیوں کا تقاضا کرتی ہیں۔ اس میں عالمی اداروں، حکومتوں، قانونی تنظیموں اور انسانی حقوق کے کارکنوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ نتائج کا جائزہ لیں اور احتساب کے مناسب طریقے اختیار کریں۔
رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیاگیا ہے کہ زمین کے قوانین، رہائشی قواعد، سیاسی نمائندگی اور شہری آزادیوں میں تبدیلیوں کے جموں وکشمیر کی آبادیاتی ساخت، ثقافتی شناخت اور سیاسی مستقبل پر دیرپا اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق متنازعہ علاقے سے متعلق عالمی مباحث میں کشمیری عوام کی شہری آزادیاں، ثقافتی شناخت، زمین کے حقوق اور سیاسی نمائندگی مرکزی اہمیت کے حامل رہنے چاہیے اس میں محض تشویش کے اظہار سے آگے بڑھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق خلاف ورزیوں کو مسلسل دستاویزی شکل دینا، متاثرہ آبادی کا تحفظ اور بین الاقوامی قانونی ذمہ داریوں پر عمل درآمد یقینی بنانا ضروری ہے۔







