بھارتی سپریم کورٹ نے خرم پرویز کی ضمانت کے خلاف ”این آئی اے” کی درخواست مسترد کردی
نئی دلی :بھارتی سپریم کورٹ نے انسانی حقوق کے معروف کشمیری کارکن خرم پرویز کی ایک جھوٹے مقدمے میں ضمانت کے خلاف تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ” این آئی اے”کی درخواست مسترد کر دی ہے ۔ درخواست میں دہلی ہائی کورٹ کی طرف سے دی جانے والی ضمانت کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس پرسنا بی ورالے پر مشتمل سپریم کورٹ کے بینچ نے آج ہائی کورٹ کے رواں برس 10 جون کے اس حکم میں مداخلت کرنے سے انکار کر دیا جس کے ذریعے خرم پرویز کو ضمانت دی گئی تھی اور یوں این آئی اے کی جانب سے دائر کردہ چیلنج کو خارج کر دیا۔
خرم پرویز، جو ‘جموں اینڈ کشمیر کولیشن آف سول سوسائٹی’کے پروگرام کوآرڈینیٹر اور ‘ایشین فیڈریشن اگینسٹ اِنولنٹری ڈس اپیئرنسز کے چیئرمیم ہیں، کو این آئی انے22 نومبر 2021 کو سری نگر سے گرفتار کیا تھا۔این آئی اے نے ان پر انسانی حقوق کے کام کی آڑ میں علاقے میںآزادی پسند سرگرمیوںکوفروغ دینے کا الزام عائدکیا تھا اورانکے خلاف کالے قانون ”یو اے پی اے” کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ جبکہ خرم پرویز نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔
دہلی ہائی کورٹ نے خرم کی درخواست ضمانت پر کارروائی کرتے ہوئے کہا تھا کہ مقدمے کی کارروائی کے مستقبل قریب میں مکمل ہونے کے امکانات کم ہیں۔ عدالت نے یہ بھی کہاتھا کہ خرم پرویز 2004 میں بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں اپنی ایک ٹانگ کھو چکے تھے اور وہ کمزور صحت کے حامل ہیں، جس کی بنا پر وہ "خصوصی رعایت” کے مستحق ہیں۔ چنانچہ عدالت نے ٹرائل کورٹ کے دسمبر 2024 کے اس حکم کو کالعدم قرار دے دیا جس میں ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی گئی تھی۔
ہائی کورٹ نے انہیں 13 شرائط کے ساتھ ضمانت دے رکھی ہے جن میں 6 لاکھ بھارتی روپے کا مچلکہ جمع کرانا، عدالتی حکم کے بغیر دہلی سے باہر نہ جانا ، اپنا پاسپورٹ جمع کرانا اور عوامی بیانات دینے سے گریز کرنا شامل ہیں۔






