گاندر بل : بجلی کی ترسیل کا ناقص نظام لوگوں کے لیے شدید خطرات کا باعث
رہائشیوں کا نئے کھمبے اور محفوظ تاریں لگانے کا مطالبہ
سری نگر :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حکام کی مسلسل بے حسی کی وجہ سے ضلع گاندربل کی تحصیل گنڈ کے دور افتادہ علاقے ‘فراو’کے رہائشی بجلی کے انتہائی ناقص اور خطرناک نظام کے ساتھ گزارا کرنے پر مجبور ہیں، جس سے انہیں ہر وقت حادثات کا سامنا رہتا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محکمہ بجلی اس علاقے میں بجلی کے مناسب کھمبے اور معیاری ترسیلی لائنیں فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔ اس صورتحال کے باعث مقامی لوگ درختوں سے لٹکائی گئی تاروں اور لکڑی کے عارضی سہاروں پر انحصار کرنے پر مجبور ہیں۔ یہ خطرناک انتظام عوامی تحفظ کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے خاص طور پر شدید سردیوں کے مہینوں میںجب برف باری سے معاملہ مزید پیچیدہ ہو جاتا ہے۔
مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ بجلی کے بنیادی ڈھانچے کی انتہائی خراب اور غیر محفوظ حالت کے باوجود انہیں ہر ماہ بھاری بھرکم بل بھیجے جا رہے ہیںجو سراسر غیر منصفانہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ‘فراو’ میں رہنے والے زیادہ تر خاندان معاشی طور پر کمزور طبقے سے تعلق رکھتے ہیں اور اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
ایک مقامی صارف نے بتایا کہ انتہائی ناقص نظام کے ذریعے بجلی ملنے کے باوجود رہائشیوں سے ہر ماہ بھاری رقوم وصول کی جا رہی ہیں، جس سے پہلے ہی غربت کے شکار خاندانوں پر مزید بوجھ پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس حکومت نے اقتدار میں آنے سے پہلے مفت بجلی فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن اس نے ابھی تک یہ وعدہ پورا نہیں کیا۔
انہوں نے کہاہم حکومت سے مفت بجلی نہیں مانگ رہے؛ ہماری صرف اتنی گزارش ہے کہ ہمیں بجلی کے محفوظ کھمبے اور نئی تاریں فراہم کی جائیں۔
رہائشیوں کا کہنا ہے کہ سردیوں کے موسم میں ان کی مشکلات مزید بڑھ جاتی ہیں، جب شدید برف باری کے باعث درختوں اور لکڑی کے ڈھانچوں کے سہارے لگی بجلی کی تاریں اکثر ٹوٹ کر گر جاتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کئی مواقع پر، متعلقہ محکمے کی جانب سے کوئی کارروائی نہ ہونے کی صورت میں، مقامی لوگوں کو گری ہوئی تاروں کو دوبارہ جوڑنے اور لکڑی کے عارضی سہاروں کی مرمت کے لیے اپنی جانیں خطرے میں ڈالنی پڑیں۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے اس غیر محفوظ نظام کی وجہ سے علاقے میں کئی بار سنگین حادثات بھی رونما ہو چکے ہیں۔ انہوں نے محکمہ بجلی کے حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے اس خستہ حال نظام کو تبدیل کریں اور اس کی جگہ مناسب کھمبے اور محفوظ ترسیلی لائنیں نصب کریں۔





